پریانکا کے بعد تبو کی بھی فلم ’ بھارت ‘ میں انٹری

بدھ 23 مئی 2018 17:01

پریانکا کے بعد تبو کی بھی فلم ’ بھارت ‘ میں انٹری
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) بالی ووڈ سلطان سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں نامور اداکارہ پریانکا چوپڑا کے بعد تبو نے بھی دھماکے دار انٹری دیدی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کی معروف اداکار و ہدایت کی جوڑی عباس ظفر اور سلمان خان اب تک انڈسٹری کو ’سلطان اور ’ٹائیگر زندہ ہے‘ جیسی بلاگ بسٹر فلمیں دے چکے ہیں اور یہی جوڑی ایک بار پھر فلم ’بھارت‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں ہلچل مچانے آرہی ہے جبکہ فلم میں مرکزی کردار کیلئے پہلے ہی پریانکا چوپڑا اور دیشا پٹانی کو حتمی قرار دیا جاچکا ہے تاہم فلم کو چار چاند لگانے کیلئے سلمان خان کے مدمقابل تیسری اداکارہ کے لئے تبو کو بھی فلم میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

گزشتہ روز بالی ووڈ کے معروف ہدایت کارعلی عباس ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم ’بھارت‘ میں تبو کی شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے ایک تصویر پوسٹ کی اور کہا کہ وہ اداکارہ تبو کے ساتھ کام کرنے کیلئے بہت پر جوش ہیں۔

(جاری ہے)

ہدایت کار نے کہا ہے کہ ’میں تبو کے کام کا بہت بڑا مداح ہوں اور میری ہمیشہ ہی خواہش تھی کہ میں اٴْن کیساتھ کام کروں جبکہ کئی ملاقاتوں کے بعد مجھے اب خوشی ہے کہ وہ فلم بھارت کیلئے رضا مند ہو گئی ہیں اور اب ان کی شوٹنگ کے لئے بے صبری سے انتظار ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’بھارت‘ سلمان خان کی اب تک کی سب سے بڑی بجٹ کی فلم ہوگی جس میں پریانکا اور دیشا پٹانی پہلی بار ایک ساتھ سلمان خان ہمراہ جلوہ گر ہوں گی جب کہ فلم 2019 میں عید کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔