توہین عدالت کیس، طلال چوہدری نے اپنے دفاع میں17 گواہوں کی فہرست پیش کردی

گواہان میں مریم او رنگزیب ، مصدق ملک سمیت دیگر ایم ایز ایم پی ایز بھی شامل

بدھ 23 مئی 2018 17:28

توہین عدالت کیس، طلال چوہدری نے اپنے دفاع میں17 گواہوں کی فہرست پیش ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے توہین عدالت کیس میں اپنے دفاع میں سترہ گواہوں کی فہرست پیش کردی ، طلال چوہدری کے گواہوں میں مریم ارنگزیب ، مصدق ملک سمیت دیگر ایم ایز ایم پی ایز بھی شامل ہیں ۔طلال چوہدری کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ نے کی ، کیس کی سماعت شروع ہوئی تو طلال چوہدری اپنے وکیل کامران مرتضیٰ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوے اور کامران مرتضیٰ نے گواہوں کی فہرست عدالت کے روبرو پیش کرتے ہوے کہا کہ گوہوں کی فہرست پیش کردی ہے لیکن شہادتیں ریکارڈ کرانے کے لیے مزید وقت درکار ہوگا اس پر جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ اس کیس کو اتنی طوالت نہیں دے سکتے ،گواہوں کو ساتھ لے کر آتے ،جس پر وکیل نے کہا کہ گواہوں کی فہرست ہی موکل کے ساتھ ملکر آج تیار کی ہے ،گواہوں کو بھی عدالت لے آئیں گے ،گواہوں کی رضا مندی بھی دیکھنی ہوتی ہے ،جسٹس گلزار نے کہا کہ گواہوں میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کا کیاکام ہے ،ایسے گواہ آپ کے موکل کا کیس خراب کر سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عدالت نے پیمرا کے جی ایم آپریشن کو بطور گواہ نوٹس جاری کرتے ہوے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے اور کیس سے متعلق تمام ریکارڈ ساتھ لانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت آج جمعرات تک ملتوی کردی ہے ۔