حج 2018کیلئے نئے پروموٹرز کو بھی کوٹہ دیا جائے۔ شیخ عامر وحید

دوسال قرعہ اندازی میں نام نہ نکلنے والے کو تیسرے سرکاری سکیم کے تحت حج پر بھیجا جائے،صدر اسلام آباد چیمبر

بدھ 23 مئی 2018 17:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ذیلی کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس چیئرمین حضور السلام عباسی کی سربراہی میں چیمبر میں منعقد ہوا جس میں پروموٹرز کو حج کوٹہ دینے اور دوسال مسلسل حج کیلئے درخواست جمع کرانے والوں کا قرہ اندازی میں نام نہ نکلنے والوں کے معاملات پر غور و خوض کیا گیا۔

کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ حکومت نے اس سال حج 2018کیلئے پرانے پروموٹرز کو ہی حج کوٹہ دیا ہے جس سے نئے پروموٹرز کو مایوسی ہوئی ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نئے پروموٹرز کو بھی حج 2018کا کوٹہ دے تا کہ وہ بھی حاجیوں کی خد مت کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جن حج درخواست دہنگان نے دو سال مسلسل حج کیلئے درخواست دی لیکن پھر بھی ان کا نام قرعہ اندازی میں نہیں نکل سکا توان کو حکومت تیسرے سال بغیر قرعہ اندازی کے سرکاری سکیم کے تحت حج پر بھیجے تا کہ وہ حج کی سعادت حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے حج درخواست دہندگان ایسے ہیں جو تین سال مسلسل سرکاری سکیم کے تحت حج پر جانے کیلئے درخواست دیتے رہے لیکن ان کے نام قرعہ اندازی میں نہیں نکل سکے جس وجہ سے وہ حج کی سعادت سے محروم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایک نئی حج پالیسی بنائے جس میں مسلسل دو سال قرعہ اندازی میں نام نہ نکلنے والے کو تیسرے سال لازمی طور پر سرکاری سکیم کے تحت حج پر بھیجا جائے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا اور چیمبر کی ذیلی کمیٹی برائے مذہبی امورکے چیئرمین حضور السلام نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو خصوصی حج کوٹہ دیں تا کہ چیمبر کے ممبران ہر سال حج کی سعادت حاصل کر سکیں۔

انہوںنے سردار محمد یوسف کی بطور وفاقی وزیر گراں قدر خدمات کا خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کو دور میں حاجیوں کے لئے انتظامات کا کافی بہتر کیا گیا جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دور میں سعودی عرب میں حاجیوں کیلئے انتظامات کو مزید بہتر کیا جائے گا تا کہ حاجی سہولت کے ساتھ حج کی سعادت حاصل کر سکیں ۔