ایون فیلڈ ریفرنس،نواز شریف نے بیان قلمبند کروا دیا ،

مریم نواز کل بیان قلمبند کروائیں گی ْمیں اپنے خلاف لگنے والے تمام کیسز اور بے بنیاد مقدمات کو مسترد کرتا ہوں، سابق وزیراعظم

بدھ 23 مئی 2018 17:36

ایون فیلڈ ریفرنس،نواز شریف نے بیان قلمبند کروا دیا ،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) نیب کی طرف سے شریف خاندان کے خلاف ضمنی ریفرنسز کی سماعت بروز بدھ احتساب عدالت میں ہوئی،سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں اپنا بیان اپنے وکلاء کی موجودگی میں احتساب جج محمد شبیر کے روبرو قلمبند کروایا،ان کا بیان مکمل ہوگیا۔کل بروز جمعرات مریم نواز اپنا بیان قلمبند کروائیںگی۔

اپنا بیان قلمبند کرواتے ہوئے انہوں نے اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات اور کیسز کو جھوٹا بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا۔انہوں نے عدالت کے روبرو اپنا بیان دیتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف مقدمات کی کہانی مشرف دور سے شروع ہوئی ہے۔1999ء میں مجھے جلا وطن کیا گیا۔واپس آکے عوام نے اقتدار پھر مجھے سونپ دیا تو میں نے سرجھکا کر نوکری کرنے سے انکار کردی۔

(جاری ہے)

ایک آمر کے خلاف مقدمہ چلایا،جیسے جیسے مشرف کے مقدمات میں تیزی آتی گئی میرے خلاف مقدمات اور سازشوں میں تیزی آتی گئی۔پانامہ لیکس میں دنیا کے کئی ممالک کے لوگوں کے نام آئے،مجھے نہیں معلوم کتنے لوگوں کو اقتدار سے نکالا گیا اور کتنے لوگوں کو سزائیں ہوئی،میں اپنے خلاف لگنے والے تمام کیسز اور بے بنیاد مقدمات کو مسترد کرتا ہوں،ایون فیلڈ ریفرنس میں کل بروز جمعرات مریم نواز اپنا بیان قلمبند کروائیں گی۔