کرغزستان کے سفیر ایرک بے شمبیو کا ڈپٹی ہیڈ آف مشن کرغز جمہوریہ ایبک تلیبا لیوکے ساتھ اکادمی ادبیات پاکستان کا دورہ ،

چیئرمین اکادمی ادبیات سیّد جنید اخلاق نے ان کا خیرمقدم کیا

بدھ 23 مئی 2018 17:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) کرغزستان کے سفیر ایرک بے شمبیو نے ایبک تلیبا لیو، ڈپٹی ہیڈ آف مشن کرغز جمہوریہ کے ساتھ گزشتہ روز اکادمی ادبیات پاکستان کا دورہ کیا۔ اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین سیّد جنید اخلاق نے خیرمقدمی کلمات پیش کئے اور اکادمی ادبیات پاکستان کا تعارف پیش کیا۔ ملاقات کے دوران ڈائریکٹر جنرل اکادمی ڈاکٹر راشد حمید بھی موجود تھے۔

چیئرمین نے اکادمی کی سرگرمیوں کے حوالے سے معزز مہمانوں کو آگاہ کیا۔ سفیرِ کرغزستان نے اکادمی ادبیات پاکستان سے مختلف ادبی حوالوں سے تعاون کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2018ء میں کرغزستان میں ایک عالمی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے جس میں شریک تین پاکستانی ادیبوں کی نامزدگی اکادمی ادبیات پاکستان کرے گی۔

(جاری ہے)

چیئرمین اکادمی سیّد جنید اخلاق نے تجویز پیش کی کہ اکادمی نے جس طرح بیلا روس اور نیپال کی اکادمی کے ساتھ باہمی مفاہمتی یادگارپر دستخط کیے ہیں اسی طرز پر کرغزستان سے بھی ایک ایم او یو باہمی طور پر طے پا جائے تو دونوں ممالک کا ادب ایک دوسرے سے مستفید ہوسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عظیم ادبی ورثے کو ترجمے کے ذریعے ایک دوسرے کے ادبی حلقوں سے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ سفیر کرغزستان اور چیئرمین اکادمی نے ادبی سطح پر ایک دوسرے کو تعاون کا عندیہ دیتے ہوئے ایک دوسرے کے لیے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر سفیرِ کرغزستان کو اکادمی ادبیات پاکستان کی طرف سے کتابوں کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔ کرغزستان کے سفیرجناب ایرک بے شمبیو نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن اور اکادمی ادبیات پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان علم و ادب کے شعبہ میں فروغ کیلئے دلچسپی کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ علم و ادب کے شعبے میں تعاون سے دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :