ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے شہر اور مضافات میں خراب 41 آبنوشی منصوبوں کو بحال کردیا

بدھ 23 مئی 2018 16:50

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نی2ماہ کی جہد مسلسل کے بعد شہر اور مضافات میں رمضان المبارک سے قبل مختلف وجوہات کی بنا پر غیر فعال 41 آبنوشی منصوبوں کو بحال کردیا جس سے عوام کو ماہ مبارک میں پانی کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔اس حوالے سے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ سمیع اللہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کو بھجوائے جانے والے مراسلے کے مطابق انہوں نے گزشتہ 2 ماہ کے دوران محکمہ پبلک ہیلتھ کے تعاون سے کوہاٹ شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں چھوٹے بڑے مسائل کی وجہ سے ناکارہ اور غیر فعال 41واٹر سپلائی سکیموں کو فعال اورکارآمدبنادیا ہے جن میں بازیدخیل ،گمبٹ،ناک بند،گل حسن بانڈہ،چورلکی،خوشحال گڑھ،کنڈر،پستہ سنڈہ،غوریزئی،توغ اور پراچہ ٹاؤن کی مختلف سکیمیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں واٹرٹینکس اورہزاروں فٹ پائپ لائنزکی مرمت و تبدیلی کرکے متعلقہ علاقوں کے آخری سرے تک پانی کی ترسیل کو یقینی بنایا گیاہے۔واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی سے عوام کادیرینہ مسئلہ حل ہونے کے ساتھ ساتھ رمضان المبارک میں سہولت میسر آئے گی۔اس موقع پر سمیع اللہ کا کہنا تھاکہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ضلعی انتظامیہ تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔