نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں شوکت عزیز ، لیاقت خان جتوئی سمیت دیگر کیخلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری

میٹرو بس پراجیکٹ ملتان کیلئے مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر زمین خریدنے ،ٹھیکہ دینے کے مبینہ الزام کی انکوائری کی منظوری دیدی گئی لیاری ایکسپریس وے ریسیٹلمنٹ پراجیکٹ کراچی کے افسران ،اہلکاران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ، ملزمان پر مبینہ طور پر اراضی کی چائنہ کٹنگ ، کمرشل اور رہائشی پلاٹوںپر قبضہ کا الزام ہے ،قومی خزانے کو 2792ملین روپے کا نقصان پہنچا سابق ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی پاکستان لاہور سہیل عمر ،دیگر کیخلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انویسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری ،معاملہ قانون کے مطابق کارروائی کیلئے متعلقہ وزارت کو بھیجنے کا فیصلہ سیٹھ نثار احمد ولد محمد لطیف کی 177.794ملین روپے کی پلی بارگین کی درخواست کی منظوری دیدی گئی بدعنوانی ایک کینسر ہے جسے جڑ سے اکھاڑنا انتہائی ضروری ہے ،نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان اور پاکستان کی عوام سے ہے ‘جاوید اقبال نیب افسران فرائض شفافیت اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سرانجام دیں ،کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ‘چیئرمین نیب کا خطاب

بدھ 23 مئی 2018 17:36

نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں شوکت عزیز ، لیاقت خان جتوئی سمیت دیگر کیخلاف ..
اسلام آباد /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹر ز اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ نیب اس بات کو واضح کرنا چاہتا ہے کہ تمام انکوائریاں اور انویسٹی گیشن مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جو کہ حتمی نہیں،نیب تمام متعلقہ افراد سے بھی قانون کے مطابق ان کا موقف لے گا تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز ، سابق وزیر برائے پانی و بجلی لیاقت خان جتوئی ، سابق سیکرٹری وزارت پانی و بجلی اسمعیل قریشی، سابق ایڈیشنل سیکرٹری وزارت پانی و بجلی محمد یوسف میمن ، سابق جوائنٹ سیکرٹری وزارت پانی و بجلی غلام نبی منگریو ، سابق سیکشن افسر وزارت پانی و بجلی عمر فاروق، سابق چیئرمین متبادل توانائی بور ڈ ایئر مارشل (ر) شاہد حامد، سابق سیکرٹری اے ای ڈی بی نسیم اختر خان ،سابق چیف ایگزیکٹو افسر اے ای ڈی بی عارف علائو الدین اور سابق کنسلٹنٹ اے ای ڈی بی بشارت حسن بشیر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی ۔

(جاری ہے)

ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بشارت حسن بشیر کو غیر قانونی طور پر کنسلٹنٹ تعینات کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 2کروڑ 16لاکھ روپے کا نقصان پہنچا ۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سی ڈی اے افسران ، میسرز پارک لائن اسٹیٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی ،ملزمان پر مبینہ طور پر محکمہ جنگلات پنجا ب کی زمین غیرقانونی طور پر پارک لائن اسٹیٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کو الاٹ کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا ۔

ایگزیکٹو بورڈ نے منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ طارق شفیق خان ، جنرل منیجر فخر الزمان علی چیمہ اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دی اور فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ وزارت قواعد کے تحت مبینہ طور پر غیر قانونی تقرریوں کی محکمانہ جانچ پڑتال کرے ۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی پاکستان لاہور سہیل عمر اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انویسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دی اور فیصلہ کیا گیا کہ معاملہ قانون کے مطابق کارروائی کیلئے متعلقہ وزارت کو بھیجا جائے ۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے ای او بی آئی کی انتظامیہ او ربینک آف پنجاب لاہور کے افسران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی، ای او بی آئی کی انتظامیہ پر مبینہ طور پر 3.8ارب روپے کے حصص بینک آف پنجاب لاہور میں غیرقانونی طور رپر خریدنے کاالزام ہے ۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سیٹھ نثار احمد ولد محمد لطیف کی 177.794ملین روپے کی پلی بارگین کی درخواست کی منظوری دی جس کو حتمی منظوری کیلئے احتساب عدالت بھیجا جائے گا ۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق چیئرمین پنجاب کو آپریٹو بورڈ فارلیکو یڈیشن مشتاق انجم اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پنجاب کو آپریٹو بورڈ فارلیکویڈیشن کی اراضی کی غیرقانونی منتقلی کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 53.93ملین روپے کا نقصان پہنچا ۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے لیاری ایکسپریس وے ریسیٹلمنٹ پراجیکٹ کراچی کے افسران ،اہلکاران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔

ملزمان پر مبینہ طور پر اراضی کی چائنہ کٹنگ ، کمرشل اور رہائشی پلاٹوںپر قبضہ کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 2792ملین روپے کا نقصان پہنچا ۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے محکمہ مال حکومت سندھ تالو کا سجاول کے افسران ، اہلکاران او ردیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی ،ملزمان پر مبینہ طور پر غیرقانونی طور پر سرکاری زمین کی فروخت کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا ۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے میسرز فتح ٹیکسٹاء ملزم لمیٹڈ حیدر آباد کے ڈائریکٹر اسد ظہیرول ظہیر الحسن کی 11.9ملین روپے پلی بارگین کی درخواست کی منظوری دی جس کو حتمی منظوری کیلئے احتساب عدالت بھیجا جائے گا ۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے الائیڈ بینک لمیٹڈ کے اہلکاران کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دی اور فیصلہ کیا کہ سٹیٹ بینک کو متعلقہ بینک کے خلاف قانونی کے مطابق کارروائی کیلئے معاملہ بھیجا جائے ۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے کوئٹہ سے سابق ایم این اے سید ناصر علی شاہ او ردیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ملزمان پر مبینہ طور پر غیرقانونی طور پر سرکاری کاغذات میںرہائشی پلاٹس کو کمرشل پلاٹس میںتبدیل کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو مالی نقصان پہنچا ۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے نور احمد پیر کانی سابق ڈائریکٹر جنر ل کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کے ناجائزہ استعمال او ربڑے پیمانے پر عوام کو دھوکہ دینے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 66.150ملین روپے کا نقصا ن پہنچا ۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے میٹر وپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی انتظامیہ او ردیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی ،ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو 270ملین روپے کا نقصان پہنچا نے کا الزام ہے ۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے وزیر اعلیٰ سندھ کے سابق معاون خصوصی پہلاج مل کیخلاف انکوائری کی منظوری دیدی ۔ملزم پر مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے ۔

ایگزیکٹو بورڈ نے مبینہ طور پر میٹرو بس پراجیکٹ ملتان کے لئے غیر قانونی طور پر زمین خریدنے اور ٹھیکہ دینے کے مبینہ الزام کی انویسٹی گیشن کی منظوری دی ۔ ایگزیکٹو بورڈ نے ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قائم مقام مینیجنگ ڈائریکٹر عمران نور اور مینیجر ایچ آر عامر مقبول اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔ ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور عمران نور کی چیف فنانشل آفیسر کے طور پر غیر قانی بھرتی کا الزم ہے جس سے قومی خزانے کو 104ملین روپے کا نقصان پہنچا ۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کررہا ہے ، بدعنوانی ایک کینسر ہے جسے جڑ سے اکھاڑنا انتہائی ضروری ہے ۔ نیب کے افسران بدعنوانی کے خاتمے کو نہ صرف اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہیں بلکہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کرپشن فری پاکستان کیلئے بھرپور کاوشیں کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں اور انویسٹی گیشن کو قانون ، میرٹ ،شفافیت اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر منطقی انجام تک پہنچائی جائیں ۔ نیب کسی سے انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا بلکہ نیب ’’احتساب سب کے لئے ‘‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے ۔ نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان اور پاکستان کی عوام سے ہے ۔ نیب افسران اپنے فرائض پوری ایمانداری ، دیانت ، میرٹ ، شفافیت اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سرانجام دیں اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔