سعودی عرب میں خواتین کے حقوق کیلئے کام کرنے والے مزید چار کارکن گرفتار

زیر حراست افرادمیں سے دومرداورایک نامعلوم کارکن ہے،ہیومین رائٹس واچ ڈاگ کی تصدیق

بدھ 23 مئی 2018 17:41

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم انٹرنیشنل ہیومن رائٹس واچ ڈاگ نے کہاہے کہ سعودی عرب میں خواتین کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے مزید 4 کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ کارروائیاں ایسے وقت میں کی جارہی ہیں جبکہ سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ سے پابندی ختم ہونے میں محض چند ہفتے باقی ہیں۔

اس ضمن میں گزشتہ ہفتے انسانی حقوق کی تنظیم نے بتایا تھا کہ سعودی پولیس نے 7 کارکنان کو حراست میں لیا ہے، جن میں زیادہ تر وہ خواتین ہیں جنہوں نے خواتین کو ڈرائیونگ کے حق اور سعودیہ میں نافذ مردوں کی سرپرستی کے نظام کے خاتمے کے لیے مہم چلائی تھی۔واضح رہے کہ مردوں کی سرپرستی کے نظام میں خواتین کو ہر اہم فیصلے میں اپنے مرد رشتہ داروں سے اجازت لینا لازم ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ یورپ اور امریکا میں کھربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پر گفتگو ہوئی اور انہوں نے مغربی اتحادیوں سے اپنی متعارف کردہ اصلاحات کی حمایت کرنے پر زور دیا۔جس کے سبب حالیہ واقعات پر مغربی ممالک کی جانب سے تنفید نہ ہونے کے برابر ہے۔دوسری جانب انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا تھا کہ زیر حراست لیے گئے 7 افراد میں سے 2 مرد اور ایک نامعلوم کارکن ہے، اس بات کی ہیومن رائٹس واچ ڈاگ نے بھی تصدیق کردی۔