صارف ڈیٹا کے غلط استعمال پر مارک زکربرگ نے یورپ سے معافی مانگ لی

ہم یہ سمجھ ہی نہیں سکے کہ ٹولز غلط مقصد کے لیے بھی استعمال ہو سکتے ہیں،یورپی پارلیمانی سیاسی گروپ کی گفتگو

بدھ 23 مئی 2018 17:43

صارف ڈیٹا کے غلط استعمال پر مارک زکربرگ نے یورپ سے معافی مانگ لی
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے یورپ سے بھی معافی مانگ لی ہے۔برطانوی ٹی وی کے مطابق مارک زکربرگ نے یورپی پارلیمنٹ کے سیاسی گروپ سے گفتگو میں اعتراف کیا کہ انہوں نے غلطی کی۔یورپی پارلیمنٹ کے سیاسی گروپ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم یہ سمجھ ہی نہیں سکے کہ ٹولز غلط مقصد کے لیے بھی استعمال ہو سکتے ہیں۔

اس سے قبل فیس بک کے سربراہ مارک زکر برگ دو مرتبہ امریکی کانگریس کے سینیٹرز کیسامنے پیش ہوچکے ہیں جہاں انہوں نے سینیٹر ز کے سخت سوالات کے جواب دیئے۔مارک زکر برگ ایک بیان میں یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ صا رفین کی ذاتی معلومات کو استعمال کرنے کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے فیس بک کو چند برس درکار ہیں۔صارفین کے ڈیٹا کے غلط استعمال کے بعد فیس بک کو تنقید اور تحقیقات کا سامنا ہے اور فیس بک کے پانچ کروڑ صارفین کے ڈیٹا کا سیاسی مشاورتی ادارے کی جانب سے غلط استعمال سامنے آنے پر تحقیقات جاری ہیں۔

(جاری ہے)

صارفین کے ڈیٹا کا مبینہ طور پر امریکی صدارتی انتخاب میں استعمال کیا گیا تھا، اس حوالے سے ایک سماجی نیوز سائٹ ووکس سے انٹرویو میں کمپنی کے کاروباری ماڈل کا دفاع کرتے ہوئے زکر برگ کا کہنا تھا کہ فیس بک کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ یہ ایک مثالی سائٹ ہے جو لوگوں کی زندگی کے مثبت پہلوئوں پر فوکس کرتی ہے لہٰذا ہم نے کافی عرصے سے اس کے منفی استعمال کے پہلو پر غور نہیں کیا اور نہ ہی کوئی نئی سرمایہ کاری کی ہے۔