کراچی، جسٹس احمد علی شیخ نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو سے گرفتار مجرم عبیدکے ٹو کی سزا کے خلاف اپیل سننے سے انکار کردیا

بدھ 23 مئی 2018 17:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو سے گرفتار مجرم عبیدکے ٹو کی سزا کے خلاف اپیل سننے سے انکار کرتے ہوئے درخواست بینچ نمبر سات کو بھیج دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے بہت سے معاملات کو ہم بھی سمجھتے ہیں، ایسا نہ کریں جس سے اچھا تاثر نہ جائے۔ بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو ایم کیوایم مرکز نائن زیرو سے گرفتار مجرم عبیدکے ٹو کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے موقع پر مجرم کے اہلخانہ کی کمرہ عدالت میں موجودگی پر چیف جسٹس برہم ہوگئے۔ چیف جسٹس نے مجرم کے وکلا سے مکالمہ میں کہا کہ انتہائی اہم نوعیت کے کیسز ہیں، مجرموں کے گھروالوں اور بچوں کو عدالت لاکرکیا تاثردینا چاہتے ہیں وکلا نے جواب دیا مجرموں کے اہلخانہ کو ہم نہیں لائے وہ خود آئے ہونگے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے مجرم عبیدکے ٹو کی اپیل کی سماعت سے انکار کردیا۔ عدالت نے معاملے کی مزید سماعت کے لیے کیس بینچ نمبر سات کو منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق مجرم عبیدکے ٹوکی نشاہدہی پر اپوا کالج کریم آباد سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے عبیدکے ٹو کو جرم ثابت ہونے پر 14 سال قید کی سزا سنائی تھی۔