ہل پارک سے تمام ہوٹل اور تجاوزات کو رات گئے ایک آپریشن کے ذریعے مسمار کردیا گیا

یہی کارروائی شہر کے دیگر پارکس اور کھیل کے میدانوں میں تجاوزات کے خلاف کی جائے گی،میئر کراچی وسیم اختر

بدھ 23 مئی 2018 17:49

ہل پارک سے تمام ہوٹل اور تجاوزات کو رات گئے ایک آپریشن کے ذریعے مسمار ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ہل پارک سے تمام ہوٹل اور تجاوزات کو رات گئے ایک آپریشن کے ذریعے مسمار کردیا گیا یہی کارروائی شہر کے دیگر پارکس اور کھیل کے میدانوں میں تجاوزات کے خلاف کی جائے گی اور سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل میں تمام پارکس ،پلے گرائونڈز اور دیگر تفریحی مقامات پر ہر قسم کی تجارتی سرگرمیوں کے خاتمے کی مہم تمام تجاوزات کے خاتمے تک جاری رہے گی، سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے تحت رفاعی پلاٹس اور تفریحی مقامات پلے گرائونڈز اور پارکس میں کسی بھی قسم کی تجارتی سرگرمیاں نہیں ہوسکتیں اور نہ ہی ان مقامات پر پختہ یا نیم پختہ تجاوزات قائم کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے جبکہ کے شہریوں کی جانب سے بھی اس سلسلے میں شکایات موصول ہو رہی ہیں لہٰذا ایسے مقامات پر غیرقانونی اور بلااجازت تجارتی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو تنبیہ کی جاتی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی تجارتی سرگرمیاں بند کردیں، بصورت دیگر بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ انسداد تجاوزات ان کے خلاف کارروائی کرکے جگہ خالی کرائے گا اور وہاں موجود سامان ضبط کرلیا جائے گا، صدر اور شہر کے دیگر علاقوں میں تجارتی مراکز کے اطراف جاری انسداد تجاوزات کی کارروائیوں کو شہریوں اور تاجر برادری نے سراہا ہے ، شہر کی بہتری کے لئے یہ آپریشن پورا رمضان تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا، یہ بات انہوں نے تجاوزات کے خلاف محکمہ انسداد تجاوزات کی کارروائی کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر صدیقی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی کو دی گئی بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ہل پارک میں غیر قانونی طور پر قائم کئے گئے 3 ریستوران کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے محکمہ جاتی فورس کی موجودگی میں بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کرنے کے بعد خالی کرائی گئی جگہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے محکمہ چارجڈ پارکنگ کے حوالے کردی گئی ہے جبکہ ریستوران کا سامان ٹیبل، کرسیاں اور دیگراشیاء کو ضبط کرنے کے بعد کے ایم سی اسٹور میں جمع کرادیا ہے اور محکمہ چارجڈ پارکنگ نے مذکورہ ایریا کا قبضہ حاصل کرکے اس مقام کو چارجڈ پارکنگ ایریا میں دوبارہ تبدیل کرکے ہل پارک میں آنے والے شہریوں کو گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے مخصوص کردیا ہے، میئر کراچی وسیم اختر نے محکمہ انسداد تجاوزات کے سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی اور ان کی ٹیم کی جانب سے ہل پارک میں کی جانے والی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر میں قائم کی جانے والی تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رکھی جائے اور بالخصوص کھیلوں کے میدان، پارکس اور رفاعی پلاٹس کو ہر قسم کی تجاوزات سے پاک کیا جائے تاکہ شہریوں کو بھرپور تفریحی سہولیات میسر آسکیں، انہوں نے کہا کہ ہل پارک کراچی کے قدیم اور تاریخی تفریحی مقامات میں شامل ہے لہٰذا اسے تجارتی سرگرمیوں کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، شہر کے تمام پارکس ، پلے گرائونڈز اور تفریحی مقامات شہریوں کی امانت ہیں، ان مقامات پر ہوٹل ، ریستوران کھولنا یا دیگر تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنے کا مطلب شہریوں کو صحت مند تفریحی سہولیات سے محروم کرنا ہے لہٰذا ایسی سرگرمیوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کراچی کے کئی پارکس اور پلے گرائونڈز قبضہ مافیا کے چنگل سے آزاد کرائے ہیںاور آئندہ بھی کسی کو شہریوں کی امانت میں خیانت نہیں کرنے دیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کردی ہیں اور میں خود اس تمام عمل کو مسلسل مانیٹر کر رہا ہوں، یوسی چیئرمین اور دیگر بلدیاتی منتخب نمائندے بھی اپنے علاقوں میں موجود پارکس، کھیل کے میدان اور دیگر تفریحی مراکز کی مکمل نگرانی کرتے رہیں تاکہ قبضہ مافیا کو ان جگہوں کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا موقع نہ مل سکے، انہوں نے کہا کہ شہر کی بہتری کے لئے خلوص نیت کے ساتھ ٹیم ورک کی صورت میں کام کر رہے ہیں اور ہماری ہرممکن کوشش ہے کہ تمام شہری امور کو قواعد و ضوابط کے تحت لایا جائے اور کسی بھی جگہ یا کسی بھی شعبے میں خلاف ضابطہ سرگرمی کی اجازت نہ دی جائے، اس حوالے سے افسران کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ شہر میں تفریح کے مراکز پارکس اور کھیل کے میدانوں کا استعمال صرف اور صرف صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کے لئے یقینی بنائیں اور ان جگہوں پر تجارتی سرگرمیاں کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں۔