عمران خان کا پہلے 100دن کا چھ نکاتی ایجنڈا پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا ،

ایجنڈا ہماری کھوئی منزل کا نشان ہے ، پی ٹی آئی بلوچستان کے رہنمائوں کا تقریب سے خطاب

بدھ مئی 17:49

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنمائوں نے کہا ہے کہ عمران خان کا پہلے 100دن کا چھ نکاتی ایجنڈا پاکستان کے لیے انشاء اللہ گیم چینجر ثابت ہوگا یہ ہماری کھوئی ہوئی منزل کا نشان ہے ،100دن میں قبلہ درست ہوگا اور اگلے پانچ سال میں انشاء اللہ پاکستانیوں کی 70سالہ محرومیاں ختم ہوجائیں گی عوام کو چاہیے کہ یکسو ہوکر عمران خان کی قیادت پر متفق ہوکر پاکستان اور پی ٹی آئی جھنڈے تلے متحد ہو جائیں۔

یہ بات پی ٹی آئی ویسٹ ریجن کے صدر عبدالباری بڑیچ ، صوبائی رہنما حاجی سیف اللہ خان کاکڑ ، فرید کاکڑاور دیگر نے بدھ کوکلی اغبرگ میں مختلف قوم پرست سیاسی جماعتوںسے مستعفی ہوکر حاجی سیف اللہ خان کاکڑ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ نے کہا کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں اس ایجنڈے پر عمل درآمد نا ممکن ہے دراصل انکے خود کے لیے اس پر عمل درآمد نا ممکن ہے عمران خان کے لیے نہیں کیونکہ عمران تو ہے نا ممکن کو ممکن کرنے والا لیڈر اور قوم یہ بھی دیکھ چکی ہے کہ باقی نام نہاد لیڈر ممکن کو بھی ناممکن کر دیتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی صوبائی صدرسردار یار محمد رند،جنرل سیکرٹری قاسم خان سوری اور دیگر قائدین کی قیادت میں بلوچستان میں فعال اور منظم ہورہی ہے جس سے مخالفین کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں بلوچستان پی ٹی آئی کا ناقابل تسخیر قلعہ ثابت ہوگا۔انہوں نے نئے شمولیت کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انکی شمولیت سے اغبرگ میں پی ٹی آئی مزید فعال اور منظم ہوگی۔