رمضان المبارک میں گراں فروشی برداشت نہیں کی جائے گی، جان محمد بلوچ

بدھ 23 مئی 2018 17:47

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ عالیہ ملیر جان محمد بلوچ اور وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ رمضان طہارت و پاکیزگی کا مہینہ ہے جو تزکیہ نفس کی دعوت دیتا ہے، رمضان المبارک کے دوران زائد گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم و دیگر افسران کے ہمراہ بلدیہ ملیر کی مختلف مارکیٹوں کے دورے کے موقع پر کیا۔

چیئرمین و وائس چیئرمین بلدیہ ملیر نے پھل و سبزی فروش، گوشت مارکیٹوں و کریانہ اسٹوروں کا دورہ کیا اور کے ایم سی کی جانب سے جاری سرکاری نرخ نامہ کی جانچ کی۔ اس موقع پر چیئرمین بلدیہ ملیر نے تاجروں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ تاجر سرکاری نرخ نامہ ظاہر جگہوں پر آویزاں کریں تاکہ صارفین باآسانی سرکاری نرخ کے مطابق اشیاء خوردنوش خرید سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی اخلاقی اور قانونی جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نرخ نامہ آویزاں نہ کرنے والے اور سرکاری نرخ سے زائد پر اشیاء خوردنوش فروخت کرنے والوں کے خلاف سرکاری قوانین کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے اقدامات جاری رکھے جائیں، شاہراہوں سے متصل تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :