ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کر تے ہوئے 106پیشہ ور گداگروں کو فلاحی مراکز منتقل کر دیا

بدھ 23 مئی 2018 17:47

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کر تے ہوئے 106پیشہ ور گداگروں کو فلاحی مراکز منتقل کر دیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے پیشہ ور گداگروں پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کی ہوئی ہے۔ اور اس کے لیے اسسٹنٹ کمشنر یوٹی فرقان اشرف کی نگرانی میں سکواڈ تشکیل دیا ہوا ہے۔ جس میں چائلڈ پرٹیکشن آفیسر وقار احمد سمیت میل و فی میل پولیس اور سوشل ویلفیئر کے اہلکار شامل ہیں۔

سکواڈ نے رمضان کے سات دنوں میں کاروائی کر تے ہوئے پشاور کے مختلف علاقوں سے پیشہ ور گداگروں کو فلاحی مراکز منتقل کیا۔ ان فلاحی مراکز میں ان گداگروں کی خصوصی تربیت کی جا رہی ہے جس میں ان کو گداگری کی لعنت کے بارے میں آگاہ کیا جا تا ہے اور بعد میں بچوں کو ان کے والدین اور علاقے کے مشران کی ضمانت پر اس شرط پر رہا کیا جا تا ہے کہ وہ بعد میں اپنے بچوں سے بھیک نہیں منگوائیں گے۔

(جاری ہے)

جبکہ بالغان کو بھی ان کے رشتہ داروں اور علاقہ مشران کی ضمانت پر رہا کیا جا تا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق ضلعی انتظامیہ کا انسداد گداگری سکواڈ روزانہ کی بنیاد پر پشاور کے مختلف علاقوں میںکاروائی کر رہا ہے اور اس مہم کا مقصد پشاور کو پیشہ ور گداگروں سے پاک کر نا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں پشاور میں پیشہ ورانہ گداگری میں کافی حد تک کمی آجا ئے گی۔