نواز شریف نے مسلم کانفرنس پر یلغار کرکے توڑا، آج خود مکافات عمل سے گزر رہے ہیں ، ن لیگ رسوائی کی علامت بن چکی ہے ، مضبوط و مستحکم پاکستان کشمیریوں کی امیدوں کا مرکزہے ، کشمیربنے گاپاکستان کا نعرہ تحریک آزادی کے تحفظ کی ضمانت ہے

مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کی پارٹی رہنمائوں سے بات چیت

بدھ 23 مئی 2018 18:03

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2018ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے مسلم کانفرنس پر یلغار کرکے توڑا، آج خود مکافات عمل سے گزر رہے ہیں ، ن لیگ رسوائی کی علامت بن چکی ہے ، مضبوط و مستحکم پاکستان کشمیریوں کی امیدوں کا مرکزہے ، کشمیربنے گاپاکستان کا نعرہ تحریک آزادی کے تحفظ کی ضمانت ہے ، اگر جنوبی و شمالی کوریا کے معاملات مذاکرات سے بہتری کی طرف آ سکتے ہیں تو پاک بھارت مذاکرات سے مسئلہ کشمیر پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوسکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سابق وزیر حکومت شمیم علی ملک ، سابق امیدوار اسمبلی میر عتیق الرحمان ، سٹی کے صدر شیخ مقصود احمد ، سمیعہ ساجد راجہ ، رخسانہ مغل، ٹریڈ ونگ کے چیئرمین بشارت مغل، راجا بشیر خان ، مشتاق قریشی ، راجا احسان حیدر، صفیان مغل،میرنوید اور دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کا حق تسلیم کیا ہوا ہے ، اقوام عالم ہندوستان پر دبائو بڑھائے ، آزاد کشمیر حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے ، مظفرآباد جیسے شہرمیں ڈائیلاسز جیسی سہولت موجود نہیں ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہ ہے ، نواز لیگ آزاد کشمیر میں بد انتظامی کی علامت بن چکی ہے ،سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں الیکشن ایک ساتھ ایک وقت میں ہونے چاہیے ، آزاد کشمیر میں غیر ریاستی دخل اندازی نے بے پناہ خرابیاں پیدا کر دی ہیں ،مسلم کانفرنس آزمائش سے گزر چکی ہے مسلم کانفرنس کو کمزور کرنے والے خو د کمزورہو رہے ہیں ، مسلم کانفرنس کے کارکنوں کی استقامت لائق باعث تحسین ہے انہوں نے کہا کہ آزمائش کے وقت ثابت قدم رہنے والے تمام کارکن مبارکباد کے مستحق ہیں جولوگ ووٹر کو عزت دینے کی بات کرتے ہیں ان کومعلوم ہونا چاہیے کہ انھوں نے ووٹرز کو کتنی اورکہاں کہاں عزت دی ، میاں نواز شریف ایم این ایز ، ایم پی ایز کو پانچ سال میں کتنی مرتبہ ملنے کا وقت دیا اور ان کے حلقہ جات کے مسائل سنے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان ممتاز دانش ور کلیم اللہ قریشی کے گھر جا کر ان کی عیادت کی اوران کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار تعزیت و فاتحہ خوانی کی، اور لیپہ کے نواحی گائوں نکوٹ میں آتش زدگی سے چار مکان ، چار دوکانیں کے جلنے پر اظہار افسوس کیا ،اورکہا کہ حکومت آزاد کشمیر لیپہ نکوٹ میں آتش زدگی میں جلنے والے مکانوں اور دکانوں کا معاوضہ فوری ادا کریں ، تاکہ متاثرین اپنے مکانات اور دکانات دوبارہ تعمیر کرسکیں ۔