پیپلزپارٹی نے معزول وزیر اعظم نوازشریف کے الزامات اور انکشافات کی تحقیقات کامطالبہ کردیا

بدھ 23 مئی 2018 18:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) پیپلزپارٹی نے معزول وزیر اعظم نوازشریف کے الزامات اور انکشافات کی تحقیقات کامطالبہ کردیا ہے۔پی پی کے سیکریٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیونے کہا ہے کہ نوازشریف کے الزامات خطرناک ہیں جن کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جانی چاہیئے اورنوازشریف کو بھی ان الزامات کے بعد کئی سوالات کا جواب دینا پڑے گا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف بتائیں انہوں نے جنرل مشرف کو باہر کیوں جانے دیا۔مولابخش چانڈیو نے سوال کیا کہ اگر نوازشریف نے سرجھکا کرنوکری نہیں کی تو پرویز رشید اورمشاہداللہ خان کو کیوں نکالا ،جب نیب عدالت سے سزا کاخدشہ ہے تونوازشریف زبان کھول رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھرنوں سے جس پارلیمنٹ نے بچایا نوازشریف نے اسے ہی کیوں کمزور کیا ،مولابخش چانڈیونے کہا کہ نوازشریف بتائیں چار سال وزیر خارجہ کیوں نہیں مقرر کیا ،آخر نوازشریف کے دور قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کیوں نہیں بنائی ،میاں صاحب آج بھی آپ خود کو بچانے کیلئے جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں، مولابخش چانڈیو نے کہاکہ نواز شریف نے سزا سے بچنے کیلئے اپنے بیٹوں تک سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف الزامات لگا کر اور دوسروں کو ذمہ دار قرار دے کر بچ نہیں سکتے، اگرنواز شریف میں ہمت ہے تو حالات کا مقابلہ کریں۔