قومی اسمبلی ،ْ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی پارلیمانی قیادت میں سندھ کی تقسیم کے معاملے پر گرما گرمی

فاروق ستار کا بلاول بھٹو زرداری سمیت آصف زرداری سے نوٹس لینے اور مہاجروں سے معافی مانگنے کا مطالبہ

بدھ 23 مئی 2018 18:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کی پارلیمانی قیادت میں سندھ کی تقسیم کے معاملے پر زبردست گرما گرمی دیکھنے میں آئی اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر کڑی تنقید کی گئی۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے صوبائی اسمبلی سے خطاب پر تنقید کی، فاروق ستار نے بلاول بھٹو زرداری سمیت آصف زرداری سے نوٹس لینے اور مہاجروں سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ دوسروں کی سوچ کے بجائے اپنے عمل پر لعنت بھیجیں۔

فاروق ستار کی بات کا جواب دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ نے ایم کیو ایم پاکستان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ کراچی ہمارا ہے، کسی کے باپ کی جاگیر نہیں، جو بھی سندھ توڑنے کی بات کرے وہ لعنتی ہے، آپ تو وہ لوگ ہیں جو ایک دوسرے کو مارتے ہیں، ایک جنرل کے اشارے پر لیٹ جاتے ہیں، کبھی (ن) اور کبھی (ق) کے قدموں میں گرتے ہیں، خود ہی اپنوں کو مارتے ہیں اور روتے بھی ہو۔سید خورشید شاہ نے ایم کیو ایم رکن رشید گوڈیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اللہ کا شکرادا کریں، آپ کو ماں کی دعا تھی، اس لیے آپ قاتلانہ حملے کے باوجود بچ گئے۔