وادی لاسپور اپر چترال میں 11ویں صدی کاتاریخی ورثہ میوزیم قائم

میوزیم میں گیارویں صدی عیسوی میں جنگ میں استعمال ہونیوالے ہتھیار، گھروں کی اشیاء، روایتی لباس، لکڑی کی بنی اشیاء، موسیقی کے آلات و دیگر اشیاء کو سجایا گیا

بدھ 23 مئی 2018 19:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) ایکو ٹورازم کے فروغ کیلئے تجویز کردہ ایک چھوٹا سا منصوبہ ورثہ میوزیم کا اب حقیقت میں تبدیل ہوگیا، اپرچترال کے علاقے وادی لاسپورمیں ہری چن کے مقام پر یہ ایک ایسا میوزیم قائم کیا گیا ہے جس میں گیارویں صدی عیسوی کی اشیاء کو نمائش کیلئے رکھا گیا ہے ، یہ میوزیم شندور روڈ کی جانب واقع ہے ،گلگت بلتستان سے شندور پاس کی جانب آتے ہوئے بھی اس میوزیم کی جانب باآسانی پہنچا جا سکتا ہے ،محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا پائیدار ٹورازم فائونڈیشن ،اے کے آر ایس پی کی کاوشوں کو سراہتی ہے جن کی سوچ اور محنت رنگ لائی اور لاسپور وادی کے ہری چن علاقے میں ورثہ میوزیم قائم کیا گیا ہے ، تفصیلات کے مطابق میوزیم میں گیارویں صدی عیسوی میں جنگ میں استعمال ہونے والے ہتھیار، گھروں کی اشیاء، روایتی لباس، لکڑی کی بنی اشیاء، موسیقی کے آلات اور دیگر اشیاء کو رکھا گیا ہے ، پولو اس علاقے کا قدیمی اور تاریخی کھیل ہے جس کی تاریخ صدیوں پرانی ہے اس میوزیم میں قدیم دور کی پولو میں استعمال ہونے والے اشیاء بھی سجائی گئی ہیں ، اس کے علاوہ یہاں آنے والے سیاحوں کیلئے اپنی نوعیت کے انفرادی میوزیم کی سیر کے علاوہ ان کی رہائش کیلئے مقامی آبادی کے ساتھ مل کر کیمپنگ سائیڈ بھی تعمیر کی جارہی ہے جس میں 30 افراد کی رہائش کی سہولت میسر ہوگی اور وہ یہاں کے ایکو ٹورازم ماحول سے لطف اندوز ہوسکے ہیں، اس کے علاوہ لاسپورکی مقامی آبادی سے آٹھ ایسے نوجوان بھی تیار کئے جائینگے جو کہ اس علاقے کارخ کرنے والے سیاحوں کیلئے بطور ٹریول گائیڈ اپنی خدمات پیش کرینگے ، اس کے ساتھ ساتھ وادی لاسپور میں چند تاریخی ثقافتی گھروں کی تزہین و آرائش بھی کی جائے گی اور ساتھ میں مقامی آبادی پر مشتمل گیسٹ ہائوسز اور یہاں کی مقامی آبادی کی جانب سے تیار کردہ ثقافتی اشیاء کو فروغ دیا جائے گا جبکہ اس کے علاوہ مزید نئے اقدامات اگلے مرحلے میں اٹھائے جائینگے ، ٹورازم کارپوریشن کی بھی یہی کاوش ہے کہ صوبہ میں نئے سیاحتی مقامات کو آباد کیا جائے اور اس کے علاوہ مقامی آبادی کو سیاحتی مقامات کی آباد کاری سے مکمل فائدہ پہنچایا جائے تاکہ وہ اس فائدے سے مکمل مستفید ہوسکیں۔

متعلقہ عنوان :