ْتنازعہ کشمیر کو ترقی کیساتھ جوڑنا سازش ،کشمیریوں کی واضح منزل آزادی کا حصول ہے،میر واعظ

تنازعہ کشمیر کا تعلق نوکریوں ، سڑکوں، بجلی یا پھر کسی قسم کی معاشی مراعات سے نہیں ، ہمیں عالمی برادری سے پوچھنا چاہیے آخر کشمیریوں کو خون کب تک بہتا رہے گا، پیغام

بدھ 23 مئی 2018 19:29

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیری سڑکوں یا معاشی مراعات کے حصول کیلئے نہیں بلکہ حق خو د ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جسکا وعدہ خود بھارتی رہنمائوں نے ان کے ساتھ کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سوشل میڈیاپر جاری آدھے گھنٹے کے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں شہید میر واعظ مولوی محمد فاروق کی برسی پر پابندیوں کے نفاذ اور لوگوں کو فاتحہ خوانی کے لیے مزار شہداء سرینگر جانے سے روکنے کے اقدام پر کٹھ پتلی انتظامیہ کی شدید مذمت کی۔

میر واعظ عمر فاروق نے بھارتی وزیر عظم نریندر مودی کی سرینگر میں حالیہ تقریر جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہر مسئلہ کا حل ترقی میں مضمر ہے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا تعلق نوکریوں ، سڑکوں، بجلی یا پھر کسی قسم کی معاشی مراعات سے نہیں بلکہ کشمیری عوام 1947سے اس حق کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں جسکا ان سے وعدہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنا پیدائشی حق، حق خود ارادیت چاہتے ہیں جسکا وعدہ کسی اور نے نہیں بلکہ خود بھارتی قیادت نے انکے ساتھ سرینگر کے لالچوک میں کیا تھا۔

میر واعظ نے کہا کہ کشمیر مسئلے کو ترقی کیساتھ جوڑنے کا واحد مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ علاقے کی زمینی صورتحال سے ہٹانا ہے لیکن کشمیری اس طرح کی کوششوں کو ناکام بنا دیں گے۔ میر واعظ نے سید علی گیلانی کوکئی برس سے مسلسل گھر میں نظر بند رکھنے اور محمد یاسین ملک کو باربار گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ حریت رہنمائوں کو لوگوں سے دور رکھنا چاہتی ہے لیکن حریت قیادت اپنے عوام تک پہنچنے کے طریقے جانتی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ حریت قیادت کشمیریوں کی خواہشات پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی لہذا انہیں چاہیے کہ وہ اس پر اعتماد رکھیں۔ میر واعظ نے کہا کہ مشترکہ قیادت نے منزل کے حصول کے لیے ایک موثر لائحہ عمل ترتیب دینے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔فورم چیئرمین نے میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں ۔

میر واعظ نے کہا کہ انکا خاندان 1947سے مشکلات برداشت کر رہا ہے جب مہاجر ملت مولانا میر واعظ محمد یوسف شاہ کو اپنے اہلخانہ سمیت کشمیرسے چلے جانے کا حکم دیا گیاتھا۔میرواعظ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس وقت جب وہ قربانیوں کی بات کر رہے ہیںتو ہمیں شہداء کے مشن کو مشترکہ طور پر آگے لیجانے کا عہد کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں عالمی برادری سے پوچھنا چاہیے کہ آخر کشمیریوں کو خون کب تک بہتا رہے گا۔ میر اعظ نے کہاکہ کشمیریوں کی منزل واضح ہے کہ وہ آزادی چاہتے ہیں۔