حکومتی شاہکار نند پور پلانٹ منصوبہ سفید ہاتھی ،قومی خزانہ کو9ارب سے زائد کا خسارہ ہوا ،میاں کامران سیف

بدھ 23 مئی 2018 19:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما وسیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ نندی پور پاور پلانٹ کا منصوبہ بھی سفید ہاتھی ثابت ہوا ایک سال کے دوران 2ہزار ملین سے زائد یونٹس بنانے کا ہدف بھی پورا نہ ہوسکا اور صرف912یونٹس ہی بنائے جاسکے جس سے قومی خزانے کو 9ارب روپے سے زائد کا خسارا برداشت کرنا پڑا۔

نندی پور منصوبہ پر خادم اعلیٰ پنجاب کے بلندو بانگ دعوے غلط ثابت ہوئے نندی پور پاور منصوبے کے 2پاور پلانٹس بند اور عوام بدترین لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھگت رہے ہیںان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میاں کامران سیف نے کہا کہ نندی پور منصوبہ کے لیے بجلی صارفین سے اربوں روپے لائن لاسز اور دیگر ٹیکسوں کے مد میں وصول کیے گئے اس کے باوجود بھی عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات نہ مل سکی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ نندی پور کی آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ نندی پور پاور پلانٹ نے جولائی2015سے جون2016تک مجموعی طور پر1231ملین یونٹس کی پیداوار کی جبکہ اس کا اصل ہدف2233ملین یونٹ پیداوار کا تھا اور کم مقدار میں پیداوار کی وجہ سے قومی خزانہ کو9ارب12کروڑ15لاکھ سے زائد کا نقصان ہوا خادم اعلیٰ اس خطیر نقصان پر اپنے شاہکار منصوبہ پر عوام کو اعتماد میں ضرور لیں ۔عوام انہیں انتخابات میں مسترد کردینگے۔