امسال حکومت سرکاری سطح پر فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والوں کے 4آرب 70کروڑ روپے کے زائد اخراجات خود برداشت کرے گی،

وفاقی وزیر مذہبی امور ․سرکاری حج سکیم پر عوام کا اعتماد بڑھ گیا ہے اور امسال 3 لاکھ 90ہزار کے قریب درخواستیں موصول ہوئی ہیں ،80سال سے زائد اور 3بار مسلسل سرکاری قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والوں کو بغیر قرعہ اندازی کامیاب قرار دیا گیا ہے،سینٹ قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور میں جواب پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اس لئے مذہبی امور کی قائمہ کمیٹی کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے، مولانا عبدالغفور حیدری حاجیوں کو ٹھیکیداروں کے رحم پر چھوڑنا زیادتی ہے،ہم نے کابینہ اور عدالت دونوں میں تمام عازمین کو سرکاری سکیم سے بھیجنے کی تجویز دی ہے حکومت تمام پاکستانی عازمین کو سرکاری سکیم سے حج کرانے کو تیار ہے، حکومتی و اپوزیشن اراکین کمیٹی

بدھ 23 مئی 2018 20:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) سینٹ قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امورکے اجلاس میں وفاقی وزیرمذہبی امور نے بتایا ہے کہ امسال حکومت سرکاری سطح پر فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والوں کے 4آرب 70کروڑ روپے کے زائد اخراجات خود برداشت کرے گی ، سرکاری حج سکیم پر عوام کا اعتماد بڑھ گیا ہے اور امسال 3 لاکھ 90ہزار کے قریب درخواستیں موصول ہوئی ہیں ،80سال سے زائد اور 3بار مسلسل سرکاری قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والوں کو بغیر قرعہ اندازی کامیاب قرار دیا گیا ہے ،کمیٹی نے سرکاری حج سکیم کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبد الغفوری حیدری کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا اس موقع پر چیرمین کمیٹی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اس لئے مذہبی امور کی قائمہ کمیٹی کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے انہوں نے کہاکہ وزارت مذہبی امور قائمہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں بہتر کام کرے تو ہم پاکستان اور عالم اسلام میں پل کا کردار ادا کرسکتے ہیں انہوںنے کہاکہ وزارت مذہبی امور اور قائمہ کمیٹی امت مسلمہ کے اتحاد میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے کمیٹی کو حج آپریشن پر بریفنگ دیتے ہوئے وزارت کے حکام نے بتایاکہ حج اخراجات دولاکھ اسی اور دولاکھ ستر ہزار شمالی و جنوبی زون سے لئے گئے ہیں انہوںنے کہاکہ امسال سعودی عرب کی جانب سے ٹیکسز اور ڈالر مہنگا ہونے سے فی حاجی پینتالیس ہزار روپے کا خرچہ بڑھ گیا ہے اور تمام زائد اخراجات حکومت برداشت کرے گی انہوں نے بتایاکہ امسال 80سال سے زائد عمر کے افراد کو ایک معاون کے ہمراہ اور مسلسل تین سال تک ناکام رہنے والوں کو بغیر قرعہ اندازی کامیاب قرار دیا گیا ہے حکام نے بتایاکہ اس سال وقت سے پہلے حج پالیسی دی تھی مگر عدالتوں میں مقدمات کی وجہ کچھ تاخیر ہوئی ہے جس کی وجہ سے عازمین حج کی تربیت کے دو سیشن اب تک کئے جا سکے ہیں جس پر سینیٹر سراج الحق نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہاکہ عازمین حج کو آن لائن تربیت دی جانی چاہئے تاکہ آسانی ہوجائے جس پر حکام نے بتایاکہ وزارت نے اپنے فیس بک پیج پر آن لائن تربیت کا اہتمام کیا ہوا ہے کمیٹی کے رکن نے کہاکہ عازمین کے ساتھ جانے والے گروپ لیڈر کے لئے کم ازکم ایک بار حج کی شرط لازمی کی جائے جس پر حکام نے بتایاکہ اس بار پالیسی میں ایک بھی بار حج کرنے والے پر درخواست دینے پر پابندی تھی حکام نے بتایاکہ میڈیکل مشن والوں کا انتخابات متعلقہ ادارے اور صوبوں سے کیا جاتا ہے جن کو فی دن ایک سو تیس ریال دیئے جاتے ہیں جبکہ ان کے ٹکٹ کے اخراجات متعلقہ محکمہ خود ادا کرتا ہے اس موقع پر چیرمین کمیٹی مولانا عبدالغفور حیدری نے استفسار کیا کہ یہ میڈیکل والے جاتے کیسے ہیں ہم نے تو جب بھی کہا کسی کو نہیں بھیجاگیا جس پر وزارت کے حکام نے بتایاکہ جو سفارشات ہمارے پاس آتی ہیں وہ ہم متعلقہ صوبے کو بھجوا دیتے ہیں مگر صوبے وہ نام ہمیں دوبارہ ارسال نہیں کرتے ہیں اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہاکہ ہمارے آنے سے پہلے سرکاری حج سکیم کی درخواستیں پوری نہیں ہوتی تھیں اب چار لاکھ تک آتی ہیں انہوںنے بتایاکہ پینتالیس ہزار اضافی اخراجات کے چار ارب ستر کروڑ روپے حکومت دے گی اس کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی ہے جس پر چیرمین کمیٹی نے استفسار کیاکہ یہ رقم کس مد سے دی جائے گی چیئرمین کا استفسار دی جائے گی تاہم وزارت کے پاس ان کے سوال کا کوئی جواب نہیں تھا اس موقع پر کمیٹی کے رکن راجہ ظفر الحق نے کہاکہ جب سرکاری سکیم پر عوام کا اعتماد بحال ہوگیا ہے تو پرائیویٹ سکیم ختم کردی جائے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حاجیوں کو ٹھیکیداروں کے رحم پر چھوڑنا زیادتی ہے جس پر وفاقی وزیر سردار یوسف نے کہاکہ ہم نے کابینہ اور عدالت دونوں میں تمام عازمین کو سرکاری سکیم سے بھیجنے کی تجویز دی ہے حکومت تمام پاکستانی عازمین کو سرکاری سکیم سے حج کرانے کو تیار ہے انہوںنے کہاکہ سعودی حکومت بھی ایک تناسب سے پرائیویٹ عازمین کو ترجیح دیتی ہے اس موقع پر وزارت کے حکام نے بتایاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ گزشتہ سال کی خامیوں پر قابو پایا جا سکے انہوںنے بتایا کہ امسال منیٰ میں پاکستانی عازمین حج کے خیموں میں بنکر بیڈز نصب کئے جائیں گے جبکہ گرمی کی شدت کے پیش نظرخیموں میں ائیرکولر نصب کئے جائیں گے اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور نے کمیٹی کو بتایاکہ عازمین حج کے فنگر پرنٹس پاکستان میں لینے کے بعد سعودی عرب میں دوبارہ فنگر پرنٹس لینے سے بچانے کی کوشش کررہے ہیں اور اس سلسلے میںایک خط سعودی سفارتخانے کو بھجوایا ہے تاہم ابھی تک انہوں نے جواب نہیں دیا ہے اس موقع پر کمیٹی کے رکن راجہ ظفر الحق نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان سے بھکاریوں اور جیب کتروں کے باقاعدہ منظم گروہ جاتے ہیں ان جیب کتروں کو واپس بھیجا جاتا ہے اگلے سال پھر پہنچ جاتے ہیں جس سے پاکستان کی بدنامی ہوتی ہے اجلاس میں پرائیویٹ حج آرگنائزر کو حج کوٹے کی الاٹمنٹ کے حوالے سے وزارت کے حکام نے بتایاکہ تمام نئی اور پرانی پرائیویٹ حج کمپنیوں کو ایک معیار سے گزار رہے ہیں اور کمیشن کی رہنمائی کی روشنی میں حج کوٹہ تقسیم کیا جاتا ہے حکام نے بتایاکہ پرائیویٹ حج کوٹے میں سے دو فیصد کوٹہ نئی کمپنیوں کو دیا جارہا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔اعجاز خان