Live Updates

کریم اور ٹی سی ایف کے درمیان شراکت داری کا معاہدہ

بدھ 23 مئی 2018 20:52

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) نیشنل ایجوکیشن منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم (NEMIS)کے مطابق ملک میں موجود 22ملین سے زائد بچوں نے کبھی اسکول اور کلاس روم کی شکل تک نہیں دیکھی ہے اور وہ اپنی زندگی سڑکوں پر بسر کرنے پر مجبور ہیں، جس کی و جہ غربت اور بے روزگاری ہے، ایسے بچوں کی زندگیوں کو شمع علم سے روشناس کرانے کے دی سیٹیزنز فاونڈیشن کے مقصد میں اپنا حصہ ڈالنے کاکریم نے فیصلہ کیا ہے، یاد رہے کہ دی سیٹیزنز فاونڈیشن پاکستان میں معیاری تعلیم کو فروغ دینے والا بڑا نان پرافٹ ادارہ ہے،جو بچوں کو معیاری تعلیم کے حصول میں اپنا کردار ادا کررہاہے۔

ماہ رمضان المبارک میں کریم (Careem)نے ٹی سی ایف کے لیے ایک خصوصی کار متعارف کرانے کااعلان کیا ہے، جس میں صارفین سے 20روپے اضافی چارج کیے جائیں گے جبکہ اتنی ہی مزید رقم کریم کی جانب سے بھی اس چندہ مہم میں شامل کی جائے گی جو کہ بعد میں دی سیٹیزنز فاونڈیشن کو بطور عطیہ پیش کی جائے گی تاکہ دشوار گزار اور پسماندہ علاقوں میں موجود خاندانوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جاسکے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی کریم اور ٹی سی ایف کے درمیان رمضان سپورٹ ایجوکیشن کے تحت چندہ مہم کا انعقاد کیا گیا تھا۔ پاکستان میں بچوں کے حصول تعلیم کو ممکن بنانے کے دی سیٹیزنز فاونڈیشن کے سفر کو ممکن بنانے کے لیے کریم ( Careem)اپنا کردار بطور معاون مثبت طریقے سے ادا کررہاہے، کریم کی جانب سے ٹی سی ایف کار ٹائپ متعارف کرانا یقینا ایک بڑا آئیڈیا ہے جس سے دی سیٹیزنز فاونڈیشن کے مقصد کو آگے پھیلانے میں بڑی مدد ملے گی ،ان خیالات کا اظہار دی سیٹیزنز فاونڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و صدر سید اسد ایوب احمد نے کیا،ان کا کہنا تھا کہ اس20روپے کی معمولی رقم سے ان لوگوں کوبھی اپنا حصہ ڈالنے کا موقع میسر آئیگا جو اپنے کم وسائل کی وجہ سے فروغ تعلیم میں کسی بڑی رقم کا عطیہ کرنے سے قاصر ہیں، ٹی سی ایف ملک بھر کے پسماندہ علاقوں 1500سے زائد پرپز بلڈ اسکولز کے ذریعے 2لاکھ سے زائد بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کررہاہے، ہمیں خوشی ہے کہ کریم (Careem) بہتر پاکستان کے لیے ہماری کاوشوں میں اپنا حصہ ڈال رہاہے۔

اس موقع پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کریم کے منیجنگ ڈائریکٹر جنید اقبال کاکہنا تھا کہ کریم شائد ایسی آرگنائزیشن ہے ، جو کہ یہ جانتی ہے کہ تبدیلی کے لیے خواب دیکھنا ضروری ہے، اور ہمارا خواب ہے کہ ایک ایسا بھی دن ضرور آئے گا جب ہمارے ملک کے ہر بچے کو وہ معیاری تعلیم جس کا وہ حقدار ہے ضرور دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر ملک کا آگے چلنا ممکن نہیں ، تعلیم ہی تمام مشکل سوالات کا وہ واحد حل ہے جس کا بحیثیت معاشرہ ہمیں سامنا ہے۔ جنید اقبال نے بتایا کہ گزشتہ سال اس مہم کے ذریعے ہم نے 2ملین روپے جمع کیے تھے، اس بار ہمارا ادارہ اس سے بہت آگے کاہے اور ہمیں امید ہے کہ ہمارے اس مقصد میں پاکستان بھر سے لوگ ہماری معاونت کریں گے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات