پیپلزپارٹی شخصیات نہیں نظریات کا پرچار کرتی ہے، میر شاہ نواز رئیسانی

بدھ مئی 21:04

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی کونسل کے رکن میر شاہ نواز رئیسانی ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات حاجی غلام جان حسن زئی، پیپلز یوتھ چاغی کے ضلعی صدر مصطفی مہر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی شخصیات نہیں بلکہ نظریات کا پرچار کرتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم بھٹو ے پیروکار ہیں اور پارٹی سے اپنی نظریاتی وابستگی برقرار رکھتے ہوئے بھٹواز پر عمل پیرا رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے رئیسانی ہائوس دالبندین میں مختلف طبقہ فکر کے اعزاز میں دی گئی افطار ڈنر کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر بی این پی کے سرگرم اراکین سرفراز مینگل اور اللہ رحم نے بی این پی سے استعفی دے کر پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

میر شاہ نواز رئیسانی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صوبائی صدر حاجی میر علی مدد جتک کی قیادت میں متحد و منظم ہے اور آئندہ الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی۔

انہوںنے کہا کہ پی پی پی نے ضلع چاغی میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیئے جن میں بجلی کی فراہمی، پاسپورٹ آفس کا قیام، نادرا دفاتر قائم کرنا اور عوامی مفاد کے مختلف منصوبے شامل ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کسی شخصیت کا محتاج نہیں کیونکہ یہ شہیدوں کی جماعت ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ جس نے پی پی پی کو چھوڑا وہ سیاسی تاریخ میں شکست وریخت سے دوچار ہوا۔