لیسکو کے تمام ریجن میں سحر و افطار کے دوران بجلی کی بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنایا جائے‘ چیف ایگزیکٹو لیسکو

بدھ 23 مئی 2018 21:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو ) کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے کہاکہ لاہور سمیت تمام لیسکو ریجن میں سحر و افطار کے دوران گھریلو صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی جاری ہے اور اس ضمن میں تمام فیلڈ دفاتر اور اسٹاف کو ہائی الرٹ کردیا ہے جو بجلی سے متعلق کسی بھی شکایت کے جلد سے جلد ازالے کے لئے ہمہ وقت موجود رہیں گے۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو نے یہ بات رمضان المبارک کے حوالے سے منعقد کئے گئے اجلاس کے دوران کہی۔ اس موقع پر جی ایم آپریشن چوہدری محمد انور، جی ایم ٹیکنیکل خالد سعید اختر ، چیف انجینئرمٹیریل مینجمنٹ محمد علی ڈوگر،سی ایس ڈی مجاہد سعید رانا، چیف انجینئر چوہدری محمد امین، اور تمام سرکلز کے ایس ایز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے کہاکہ رواں رمضان المبارک میں اب تک لیسکو کا سسٹم مکمل طور پر کام کررہا ہے اور لیسکو کے تمام گھریلو صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جارہا ہے جبکہ لیسکو ریجن میں مسلسل چلنے والی صنعتوں اور ٹیکسٹائل انڈسٹریز کے پرائم صارفین کو مسلسل بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

جی ایم آپریشن چوہدری محمد انور نے رمضان کے دوران کئے گئے اقدامات کے حوالے سے چیف ایگزیکٹو کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لیسکو کی مختلف ڈویژنز اور سب ڈویثرنز میں اضافی ٹرانسفارمر ز کی ٹرالیوں کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ لیسکو اسٹور میں مختلف استعداد کے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر بھی موجود ہیں اور لیسکو کے بھرپور کوشش ہوگی کہ موسم گرما، بالخصوص رمضان المبارک کے دوران صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے ۔

واضح رہے کہ چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ لیسکو ہیڈ کوارٹر میں جبکہ تمام سپرٹینڈنگ انجینئر زاپنے سرکلز کے دفاتر میں بجلی کی فراہمی اور شکایات کے ازالے کے عمل کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ بجلی سے متعلق انفرادی شکایات کے سلسلے میں لیسکو کا فیلڈ سٹاف پوری طرح سے متحرک ہے اور کسی بھی قسم کی شکایت کا فی الفور ازالہ کیا جا رہا ہے۔لیسکو کے ترجمان نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ بجلی سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت کے لئے اپنے علاقے کے شکایات دفاتر، وزارت پانی و بجلی کے وفاقی شکایات سیل کے نمبرز 051-9204430, 051-9206834اور 051-9103888 کے ساتھ ساتھ فیڈرل کمپلینٹ سیل کی ویب سائیٹ www.mowp.gov.pkپر آن لائن بھی رجسٹرڈ کرواسکتے ہیں۔