آل رائونڈر محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیا

آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا ،انٹرویو کو سیاق وسباق سے ہٹ کر شائع کیا گیا‘موقف

بدھ 23 مئی 2018 21:04

آل رائونڈر محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) قومی ٹیم کے آل رائونڈر محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیا۔پی سی بی کے شوکاز نوٹس کے جواب میں محمد حفیظ نے موقف اپنایا کہ میرے انٹرویو کو سیاق وسباق سے ہٹ کر شائع کیا گیا اور مخصوص حصے کو اجاگر کیا گیا۔انٹرویو میں آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا بلکہ غلط فہمی کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے انٹرویو میں تفصیل سے بات کی لیکن ساری گفتگو شائع نہیں کی گئی۔یاد رہے کہ محمد حفیظ کو پی سی بی نے آئی سی سی کوتنقید کا نشانہ بنانے پر شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔واضح رہے کہ محمد حفیظ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق آئی سی سی کے قانون پر عملدرآمد کو دہرے معیار سے تعبیر کرتے ہیں، اس قانون پر طاقت، تعلقات اور نرم گوشہ اثرانداز ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

آل رائونڈر نے سوال اٹھایا تھا کہ ایک انسانی آنکھ کیسے یہ دیکھ سکتی ہے کہ ان کی بولنگ 15ڈگری کی مقررہ حد سے صرف ایک ڈگری زیادہ پر ہوئی ہے اور امپائرز اور میچ ریفریز کو ان کی 16 ڈگری پر بولنگ کرنا تو نظر آگیا لیکن دوسری جانب بہت سے ایسے بولرز بھی ہیں جو 25 یا 30 اور اس سے بھی زیادہ ڈگری پر بولنگ کر رہے ہیں لیکن وہ رپورٹ نہیں ہوئے۔محمد حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے کرکٹ بورڈز کی طاقت ہے جس کے سامنے کوئی بولنا نہیں چاہتا اور بہت سی جگہوں پر تعلقات ہیں جنہیں کوئی خراب کرنا نہیں چاہتا۔