دو کروڑ آبادی کے شہر کے مسائل جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت ہی حل کر سکتی ہے : ذکراللہ مجاہد

پنجاب حکومت رمضان المبارک میں یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء خوردونوش کی قلت کو دور کرنے میں ناکام ہو چکی ہے

بدھ مئی 21:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ دوکروڑ سے زائد آبادی کے شہر کے مسائل جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت ہی حل کر سکتی ہے ، رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش کی قیمتیں حکمرانوں کے ریلیف کے دعوئوں کا منہ چڑھارہے ہیں ، شہر بھر میں انتظامیہ یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا ، چینی و دیگر اشیاء کی قلت پورا کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور حکومت کا رمضان ریلیف پیکیج کہیں نظر نہیں آ رہا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر میںرمضان بازار وں اور یوٹیلٹی سٹورز کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگور کے دوران کیا۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے شہر بھر کے یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان پیکیج کے اعلان کے بعد یوٹیلٹی سٹورز پر عوامی ریلیف کیلئے سستے داموں آٹے وچینی سمیت دیگر اشیاء کی فراہمی کی جا نی تھی جبکہ حقیقت میں عوام کیلئے یوٹیلٹی سٹورز پر کچھ بھی نظر نہیں آتاہے ۔

(جاری ہے)

یوٹیلٹی سٹورز انتظامیہ اشیاء کی کمی کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر ڈال رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے رمضان پیکیج کی فراہمی عوام تک کرپٹ مافیا اور انتظامیہ کی کالی بھیڑیں پہنچنے نہیں دیتی ۔شہر میں یوٹیلٹی سٹورز عوام کیلئے خاطر خواہ نتائج نہیں دے رہے کیونکہ وہاں کبھی چینی کبھی آٹا سمیت دیگر اشیاء خوردونوش غائب ہوتیں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے اپنے جھوٹے وعدوں اور دعوئوں سے قوم کو مایوس کیا ہے اور اب عوام میں لیڈر شپ کے حوالے سے تبدیلی کی پیاس بڑھ چکی ہے ۔ر مضان المبارک میں کمر توڑ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ کرپٹ حکمرانوں نے وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے غریب کو سہولیات سے محروم کر دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی مظلوم عوام کو ظالم خاندانی ، سرمایہ دار نظام کے خلاف متحد کر کے اسلامی انقلاب لائے گی ۔