Live Updates

پاکستان کا مستقبل انتہائی تابناک ،ملک کو اندھیرے میں دھکیلنے والے دوبارہ کبھی بھی اقتدار میں نہیں آ سکیں گے، ڈاکٹر یاسمین راشد

بدھ 23 مئی 2018 21:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی تابناک ہے ،ملک کو اندھیرے میں دھکیلنے والے دوبارہ کبھی بھی اقتدار میں نہیں آ سکیں گے،پارٹی میں نئے آنے والے عمران خان کی جدوجہد کو دیکھتے ہوئے ان کے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کو صحت اور تعلیم سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کرے گی اور اس کیلئے چاروں صوبوں میں خیبر پختوانخواہ کی طرز پر بلدیاتی اداروں کو انتظامی اور مالیاتی طور پر خود مختار بنایا جائے گا ۔

صحت اور تعلیم حکومت کی ترجیحات ہوں گی اور اس کیلئے جامع ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے جس پر بلا تاخیر عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ او رپیپلز پارٹی کا نظریہ صرف لوٹ مار اور کرپشن ہے اور کئی دہائیوں سے اسے فروغ دیا جارہا ہے ۔عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی دونوں جماعتوں کے اس نظریے کے آگے بندباندھ کر کھڑی ہے اور انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب ملک کی تباہی کا باعث بننے والے اس نظر یے کو منوں مٹی تلے دفن کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے نتائج دو نہیں ایک پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں معاون ثابت ہوں گے ،شفافیت اور میرٹ کانعرے لگانے والی پنجاب حکومت کا ہر منصوبہ کرپشن میں لتھڑا ہوا ہے اور ان کی کرپشن کی غضب کہانیاں سامنے آرہی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات