کراچی،ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کا خفیہ اطلاع پر ناظم آباد کے علاقہ میں چھاپہ

واٹربورڈ کی اہم لائن سے پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا ،یومیہ ڈھائی ملین گیلن پانی کی چوری روک دی گئی

بدھ 23 مئی 2018 21:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کا خفیہ اطلاع پر ناظم آباد کے علاقہ میں چھاپہ ،واٹربورڈ کی اہم لائن سے پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا ،یومیہ ڈھائی ملین گیلن پانی کی چوری روک دی گئی ہے ،ایم ڈی واٹربورڈ نے شہریوں سے پانی چوری کرنے والے عناصر کی نشاندہی کی اپیل کرتے ہوئے ان کے نام اور شناخت صیغہ راز رکھنے کی یقین دہانی کرادی ہے ، تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے ایک خفیہ اطلاع پر واٹربورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز اسد اللہ خان ، سپرنٹینڈنگ انجینئر ڈبلیو ٹی ایم ظفر پلیجو ، ایگزیکٹیو انجینئر آصف قادری سمیت دیگر افسران و عملہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نفری کے ساتھ ناظم آباد مسرت سنیماکے قریب کچی آبادی میں قائم پانی چوری کے بڑے نیٹ ورک پر اچانک چھاپہ مارا،اس مقام پر واٹربورڈ کی 33 انچ قطر کی پائپ لائن سے 6 انچ قطر کے 4 کنکشن لئے گئے تھے اور ایک آرسی سی مکان نما ڈبل منزلہ ٹینک میں واٹربورڈ کی لائن سے پانی چوری کرکے جمع کیا جاتا تھا جسے بعدازاں فروخت کردیا جاتا تھا ،ایک اندازے کے مطابق اس نیٹ ورک کے ذریعے پاک کالونی، بڑا بورڈ ، پی ایف بیس مسرور اور سائٹ سمیت ملحقہ علاقوں کو فراہم کیا جانے والا یومیہ ڈھائی ملین گیلن پانی واٹربورڈ کی لائن سے چوری کیا جارہا تھا ،ایم ڈی واٹربورڈ نے دومنزلہ ٹینک میں خود اتر کر غیر قانونی طور پر لئے گئے کنکشنوں کا معائنہ کیا بعد ازاں مسرت سنیما کے سامنے اور پل کے نیچے سے گزرنے والی لائنوں کا معائنہ کیا،انہوں نے موقع پر موجود واٹربورڈ حکام کو ہدایت کی کہ واٹربورڈ کی لائن سے لئے گئے کنکشن کے خاتمہ کیلئے زمین میں گہرائی تک کھدائی کرائی جائے اور تمام ناجائز کنکشنوں کا خاتمہ کردیا جائے ،انہوںنے کہا کہ واٹربورڈ کی لائنوں اور تنصیبات کے تحفظ کیلئے فوری اور موثر اقدامات کئے جائیں ، انہوں نے کہا کہ شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرکے غیرقانونی طور پر فروخت کرنے والے عناصر کو ہر صورت قانون کی گرفت میں لایا جائے گا ،اس میں چاہے واٹربورڈ کا ہی کوئی افسر یا اہلکار ہی کیوں نہ ملوث ہو اسے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزاد دی جائے گی ،ایم ڈی واٹربورڈنے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پانی کی لائنوں کو نقصان پہنچاکر پانی چوری کرنے والے عناصر کی نشاندہی کریں ، ان کا نام اور شناخت صیغہ راز رہے گی ۔

#

متعلقہ عنوان :