چیئرمین امن کمیٹی قاری محمد سلیم زاہد کی ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر سے ملاقات، مساجد کمیٹی کی کارکردگی پر بریفنگ دی

بدھ 23 مئی 2018 21:36

گوجرانوالہ۔23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) ضلع گوجرانوالہ میں مساجد / چرچز اور دیگر عبادت گاہوں کی تعمیر کے لیے درخواستوں پرکارروائی عارضی طور پر روک دی گئی، گذشتہ روز چیئر مین امن کمیٹی قاری محمد سلیم زاہد نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ ڈاکٹر عمر جہانگیر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں مساجد کمیٹی کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

قاری محمد سلیم زاہد نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ عبادت گاہوں کی تعمیر کے لیے آمدہ درخواستوں پر وزٹ یا اجلاس رمضان المبارک کی وجہ سے ممکن نہ ہے۔ علما کرام ان دنوں درس و تدریس اور عبادات میں مصروف ہوتے ہیں۔ جس پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر نے تعمیر کے متعلق تمام درخواستوں پر کارروائی عارضی طور پر روکنے کی منظوری دے دی اور اس سلسلہ میں متعلقہ محکمے کو مناسب ہدایات جاری کر دیں۔ تمام درخواستوں کے وزٹ اور کیسز کی سماعت کے لیے نیا شیڈول عید الفظر کے بعد جاری کیا جائے گا اور مثبت رپورٹس والی درخواستوں کو این او سی جاری کیا جائے گا۔ اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو رانا محمد وقاص ، اے ڈی سی جنرل زاہد اکرام بھی موجود تھے۔