پاکستان کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ صدقہ و خیرات دینے والے ملکوں میں ہوتا ہے، شبیر حسین چاولہ

بدھ 23 مئی 2018 21:38

پاکستان کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ صدقہ و خیرات دینے والے ملکوں میں ..
فیصل آباد۔23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ نے کہاہے کہ پاکستان کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ صدقہ اور خیرات دینے والے ملکوں میں ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود ابھی تک اس ملک سے غربت کا خاتمہ نہیں کیا جا سکا ،انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کا شمار ملک میں سب سے زیادہ چیریٹی دینے والے شہروں میں ہوتا ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ یہاں غربت کی شرح ملک کے دوسرے شہروں کی نسبت بہت کم ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کارپوریٹ سیکٹر میں کارپوریٹ سوشل رسپانسبلیٹی(سی ایس آر) کا تصور بہت واضح ہے ۔ صنعتی اداروں میں ہر رجسٹرڈ ورکر کیلئے سوشل سیکورٹی فیس ادا کی جاتی ہے جس سے ان ورکروں کوصحت سمیت دیگر ضروری سہولتیں مہیا کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح ادارے اپنے ورکروں کو دیگر مراعات بھی دیتے ہیں تاہم مالی انتظامی اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کیلئے کوئی واضح پالیسی نہیں جن کیلئے ہیلتھ انشورنس سکیم کی ضرورت ہے تا کہ ناگہانی بیماری کی وجہ سے ان کے معمول کے گھریلو اخراجات متاثر نہ ہوں، انہوں نے تجویز دی کہ زکوةٰ لینے والے ادارو ں کیلئے رجسٹریشن کی لازمی شرط رکھی جائے تا کہ زکوةٰ کے شفاف استعمال سے حقیقی معنوں میں غربت کے خاتمے کی راہ ہموار کی جا سکے۔