وزیر اعلی کی کرنل سہیل عابد شہید کی رہائش گاہ بارہ کہو کے قریب بوبڑی انگوری آمد، شہید کرنل کے اہل خانہ سے ملاقات

شہید کرنل سہیل عابد کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقید ت، شہید کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی،انگوری روڈ کو کرنل سہیل عابد شہید کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان آپ کے والد قومی ہیرو ہیں جنہوں نے ملک دشمن عناصر کے خلاف سینہ سپر ہو کر جام شہادت نوش کیا ‘وزیر اعلی کی شہید کرنل کے بیٹے سے گفتگو

بدھ 23 مئی 2018 21:51

وزیر اعلی کی کرنل سہیل عابد شہید کی رہائش گاہ بارہ کہو کے قریب بوبڑی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کرنل سہیل عابد شہید کی رہائش گاہ بارہ کہو کے قریب بوبڑی انگوری گئے اور شہید کرنل کے اہل خانہ سے ملاقات کی - وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے شہید کرنل سہیل عابد کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقید ت پیش کیا- انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی- وزیر اعلی نے شہید کے صاحبزادے محمد احمد سالارکو دلاسا دیتے ہوئے کہاکہ آپ کے والد قومی ہیرو ہیں جنہوں نے ملک دشمن عناصر کے خلاف سینہ سپر ہو کر اپنی جاں سپرد آفریں کرکے کئی بے گناہ انسانوں کی زندگیاں بچا لیں - انہوںنے کہاکہ قوم کو اپنے ان جانباز سپوتوں پر ناز ہے اور ان کی قربانیوںکو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔

وزیر اعلی نے کہا کہ دفاع وطن کی خاطراپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے جام شہادت نوش کرنے والے افواج پاکستان کے بہادر افسران اور جوان ہمارا فخر اور سر کا تاج ہیں ان کی لازوال قربانیوں اور خدمات کی بدولت ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور پاکستان کے عوام امن و سکون کی نیندسوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک کی جغرافیائی سرحدوںکی نگہبانی کے لئے سپہ سالار افواج پاکستان جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میںپاک فوج کمر بستہ ہے اور دشمنان پاکستان کے خلاف موثر کاروائی کرکے ان کا ہر وار ناکام بنایا جا رہاہے۔

انہوں نے کہاکہ وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے ، قیام امن اور قومی سلامتی کے لئے افواج پاکستان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور اس مقصد کے لئے دی جانے والے عظیم قربانیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کرنل سہیل عابد شہیدنے خود میدان عمل میں نکل کر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں حصہ لے کر ایک مثال قائم کی ہے اور ہماری عسکری تاریخ ایسی قربانیوں سے بھری پڑی ہے ۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہاکہ کراچی کا امن، سوات ، مالاکنڈ، جنوبی وزیرستان ، فاٹا اور قبائلی علاقوں سمیت ملک بھر سے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز میں عساکر پاکستان کی کامیابیاں پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت اور کمٹمنٹ کا ثبوت ہیں ان کاروائیوں سے لاکھوں گھروں کا امن بحال ہوا ہے اور ان عناصر کی سرکوبی ہوئی ہے جو ملک اور نقصان پہنچانے کے لئے بیرون عناصر کے اشاروں پر خوف و دہشت پھیلانا چاہتے ہیں۔

محمد شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کے عوام کے عزم و حوصلے بلند ہیں اور رینجرز ، پولیس ، قومی اداروں کے ساتھ ساتھ شہری اپنی جانیں نثار کرکے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں اورپاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لئے پاک فوج کے ہم رکاب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دشمن چاہے کچھ بھی کرلے وہ ناپاک ارادوں میںکبھی کامیاب نہیں ہوسکتا اور پاکستان کے بہادر عوام اور پاک فوج نا قابل تسخیر قوت کی طرح ہر دشمن کے دانت کٹھے کرنے کے لئے ہر دم تیار ہیں ۔ وزیر اعلی نے انگوری روڈ کو کرنل سہیل عابد شہید کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا-