بلاول بھٹو سمیت تین افراد کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر

بدھ مئی 22:02

بلاول بھٹو سمیت تین افراد کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر
ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2018ء) پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو سمیت تین افراد کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست داخل کردی گئی، درخواست میں صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اور ضلعی صدر پیپلز پارٹٰی کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ کے مشہور سینئر وکیل پیر طارق احمد نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ پارٹی چیرمین نے صادق علی میمن کو ضلعی صدر بنایا ہے جسے سپریم کورٹ نے 2013 میں صادق اور امین نہ ہونے کی وجہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ 237 ٹھٹھہ ون سے انتخابات جیتنے کے بعد نا اہل قرار دیا تھا کیونکہ انہوں نے اپنے دوہری شہریت کے حوالے سے نامینیشن فارم میں غلط بیانی کی تھی جس کے باعث سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس چوہدری افتخار احمد پر مشتمل بینچ نے صادق علی میمن کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت صادق اور امین نہ ہونے کے باعث نا اہل قرار دیا تھا تاہم پیپلز پارٹٰی کے چیرمین بلاول بھٹو نے الیکشن ایکٹ 2017 کے خلاف ایک نا اہل شخص کو پارٹی کا ضلعی صدر مقرر کیا ہے اس لیے فوری طور پر صادق علی میمن کو ضلعی صدر کی حیثیت سے کام کرنے سے روکا جائے اور آئندہ الیکشن میں بھی حصہ لینے پر پابندی عائد کی جائے اور چیرمین کو پابند بنایا جائے کہ فوری طور پر صادق علی میمن کی ضلعی صدر کی حیثیت ختم کی جائے۔