Live Updates

گرمی کی لہر سے بچنے کے لیے کے ایم سی نے کراچی میں کوئی ہیٹ اسٹروک کیمپ نہیں لگائے، خرم شیر زمان

ہمیں شدید حیرت او ر غم و غصے کا سامنا ہوتا ہے جب ہم کے ایم سی کے ہیلتھ ڈائریکٹر سے یہ باتیں سنتے ہیں، جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف کراچی

بدھ 23 مئی 2018 22:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر ایم پی اے خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ گرمی کی لہر سے بچنے کے لیے کے ایم سی نے کراچی میں کوئی ہیٹ اسٹروک کیمپ نہیں لگائے۔ ہمیں شدید حیرت او ر غم و غصے کا سامنا ہوتا ہے جب ہم کے ایم سی کے ہیلتھ ڈائریکٹر سے یہ باتیں سنتے ہیں کہ کراچی کے کمشنر اعجاز احمد خان نے اِس سال ایسے کیمپ لگانے کے کوئی احکامات ہی نہیں دئیے۔

ایم پی اے خرم شیر زمان نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نااہلی اور بدانتظامی کی بد ترین مثال ہے کہ کے ایم سی نے پورے شہر میں ایک بھی ہیٹ اسٹروک کیمپ نہیں لگایا اور میں کراچی کمشنر سے پر زور مطالبہ کرتا ہوں کہ جتنی جلدی ممکن ہو، ہیٹ اسٹروک کیمپ لگائیں۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر نے یہ تجویز دی کہ اگر کے ایم سی اپنے طور پر کوئی ہیٹ اسٹروک کیمپ نہیں لگانا چاہتی تو یہ کام این جی اوز اور سماجی بہبود کی تنظیموں کے حوالے کردے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رینجرز بھی یہ کام بہت اچھے طریقے سے کرسکتے ہیں اور کر رہے ہیں۔ کے ایم سی کو چاہئے کہ ان کی مدد لے۔ خرم شیر زمان نے اپیل کی کہ تمام سطح کی حکومتیں اور مختلف مذہبی حلقے جو کراچی میں موجود ہیں، اپنے دفاتر ، گھروں یا مذہبی عبادت گاہوں کو کولنگ سینٹرز میں بدل دیں جہاں لوگوں کو بیٹھنے اور گرمی سے بچنے کا موقع میسر آسکے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات