Live Updates

پاکستان کے عوام سیاسی لحاظ سے انتہائی باشعور ہیں ‘وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا بخوبی جانتے ہیں ‘خنجراب تا گوادر پاکستان کے عوام عمران خان اور آصف زرداری کی کارکردگی سے بخوبی واقف ہیں‘آمدہ انتخابات میں عوام ووٹ کی پرچی کا حق استعمال کرنے سے پہلے یہ سوچیں گے کہ کس سیاسی جماعت نے عوام کی خدمت کی اور کس نے محض وعدے کیے اور عوام سے دھوکا کیا

وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر کا جاری بیان

بدھ 23 مئی 2018 22:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2018ء) وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہرنے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام سیاسی لحاظ سے انتہائی باشعور ہو چکے ہیں اور وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا بخوبی جانتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ خنجراب تا گوادر پاکستان کے عوام عمران خان اور آصف علی زرداری کی کارکردگی سے بخوبی واقف ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ پیش آمدہ انتخابات میں عوام ووٹ کی پرچی کا حق استعمال کرنے سے پہلے یہ سوچیں گے کہ کس سیاسی قیادت اور جماعت نے عوام کی خدمت کی اور کس نے محض وعدے کیے اور عوام سے دھوکا کیا۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ آج سندھ اور خیبر پختونخواہ کے حالات پوری پاکستانی عوام کے سامنے ہیں۔نوازشریف کے موٹرویز اور میٹرو بس کے منصوبوں کو عمران خان اپنی ہر تقریب میںتنقید کا نشانہ بناتے تھے لیکن آج ایسے ہی منصوبے انہوںنے خیبر پختونخواہ میں شروع کر رکھے ہیں جن کی تکمیل کے قریب قریب کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پیش آمدہ انتخابات میں عوام عمران خان کے 11 نکات یا پھر پہلی100 دن کی حکومتی اقدامات کی خوش فہمیوں کو مدنظر نہیںرکھیں گے بلکہ وہ عمران خان اور آصف علی زرداری کی صوبہ خیبر پختونخواہ اور سندھ میں عملی کارکردگی کے زیادہ مدنظر رکھ کر اپنے ووٹ کا فیصلہ کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ آج مسلم لیگ (ن) کو دیوار سے لگانے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور نوازشریف جیسے محب وطن قومی لیڈر کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جارہا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کے عوام نوازشریف کے خلاف جانبدانہ احتساب کے عمل کے مقاصد سے بخوبی واقف ہیں اوریہی وجہ ہے کہ وہ ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند مسلم لیگ(ن) اور نوازشریف کے پیچھے کھڑے ہیں انہوںنے کہاکہ قوم عمران خان اور آصف زرداری کے قول وفعل پر ہرگز یقین نہیں کرتی اور وہ پورے پاکستان کو خیبر پختونخواہ اور سندھ جیسا پسماندہ بنانے کی ہر گز اجازت نہ دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کا روشن مستقبل صرف اور صرف مسلم لیگ(ن) سے وابستہ ہے جو کامیاب ہو کر ملک وقوم کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات