ایران نے جوہری صلاحیت حاصل کرنے کا آغاز کردیا

بدھ 23 مئی 2018 22:23

ایران نے جوہری صلاحیت حاصل کرنے کا آغاز کردیا
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2018ء) ایرانی ایٹمی توانائی ادارے کے صدر علی اکبر صالیحی نے کہا ہے کہ ایران نے یورینیم افزودگی کی تیاریاں مکمل کر لیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی ایٹمی توانائی ادارے کے صدر علی اکبر صالیحی کا کہنا ہے کہ اعلی سطح پر یورینیم کی افزودگی کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔علی اکبر صالیحی نے ایرانی پارلیمان کے ٹیکنالوجی، تعلیمی و تحقیقاتی کمیشن میں ممبران ِ اسمبلی کے سوالات کا جواب دیا۔

(جاری ہے)

صالیحی نے بتایا کہ انہوں نے کمیشن کو معاہدے سے قبل کے جوہری پروگرام کو واپسی کے لیے تیار ہونے کی اطلاع دے دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملک میں جوہری سرگرمیاں سن 2015 میں طے پانے والے معاہدے کے دائرہ عمل میں تجارتی اہداف کی راہ میں بلا کسی مسئلے کے جاری ہیں، اگر معاہدے سے قبل کے دور کی جانب واپسی کی ضرورت پڑی یا پھر بلند سطح پر یورینیم کی افزودگی کی ضرورت پیش آئی تو ہماری اس حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں، لیکن میں امید کرتا ہوں کہ ہمیں کبھی بھی اس کی ضرورت نہیں پڑے گی۔