چشتیاں، چک نمبر 45فتح میں بااثر ملزمان محنت کش کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناتے رہے

پولیس نے مقدمہ درج کرکے متاثرہ شخص کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال داخل کرا دیا

بدھ 23 مئی 2018 23:24

چشتیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2018ء) ماڈل تھانہ صدر کے علاقہ چک نمبر 45فتح میں انسانیت سے عاری بااثر ملزمان نے چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے غریب خاندان کے گھر میں داخل ہو کر خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گھر میں موجود محنت کش کو زبردستی اغوا کرکے اپنے ڈیرے پر لیجا کر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد یرغمال بنا لیا۔

گائوں مذکورہ کے رہائشی مبینہ ملزمان محمد عارف ، محمد عالم، محمد زوہیب کے گھر میں گزشتہ روز نامعلوم چور داخل ہوئے۔ جس پر وہ سراغ رساں کتے لے آئے اور کتوں نے محنت کش محمد ایاز کے گھر کی نشاندہی کردی۔ جس پر ملزمان ڈنڈے سوٹوں سے مسلح ہو کر محنت کش کے گھر میں زبردستی داخل ہو گئے اور کتوں کی نشاندہی پر یقین رکھتے ہوئے، محنت کش کو چور ٹھہرا دیا اور اغوا کے بعد انسانیت سوز طریقہ اختیار کرتے ہوئے اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر یرغمال بنا لیا ۔

(جاری ہے)

گائوں کے معززین کی جانب سے صفائی دینے کے باوجود مبینہ ملزمان باز نہ آئے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے رہے۔ متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب ، آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کرکے کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ ماڈل تھانہ صدر پولیس نے محنت کش محمد ایاز کے بھائی کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 216/18سنگین دفعات 367،452،354،34 ت پ کے تحت مقدمہ درج کرکے متاثرہ شخص کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال داخل کرا دیا ہے۔