امریکی اشیا پر100فیصد ٹیکس لگانے کی بھارتی دھمکی،بھارت کو ڈیڑھ ارب ڈالر کا نقصان

بدھ 23 مئی 2018 23:28

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2018ء) بھارتی حکومت نے امریکی اشیا پر100فیصد ٹیکس لگانے کی دھمکی دے دی،امریکی ٹیکس کی وجہ سے بھارت کو ڈیڑھ ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت حکومت نے امریکہ کے خلاف جوابی اقدام کے تحت بھارت کو برآمد کی جانے والی بیس امریکی اشیا پر سو فیصد ٹیکس لگانے کی دھمکی دی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت نے تجارت کی عالمی تنظیم سے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اگر ہندوستان سے امریکہ برآمد کئے جانے والے المونیئم اور اسٹیل پر ٹیکس میں کمی نہیں کی تو آئندہ جون سے امریکہ سے بھارت برآمد کی جانے والی بیس امریکی اشیا پر سو فیصد تک ٹیکس عائد کر دیا جائے گا۔امریکہ کی ٹرمپ حکومت نے مارچ کے مہینے میں کینیڈا اور میکسیکو کو چھوڑ کر تمام ملکوں پر امریکہ کو المونیئم اور اسٹیل برآمد کرنے پر دس سے پچّیس فیصد تک ٹیکس بڑھانے کا اعلان کیا ہے جس کے نتیجے میں امریکہ کے لئے بھارت کی، المونیئم اور اسٹیل کی برآمدات کو ڈیڑھ ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔