گورنر سندھ محمد زبیر کی شہید طالبہ سبیکا شیخ کی نمازجنازہ میںشرکت ، لواحقین سے تعزیت کا اظہار

امریکہ جیسے ملک کے تعلیمی اداروں میں تواتر سے ایسے واقعات کاہونا باعث تشویش ہے، گورنر سندھ

بدھ 23 مئی 2018 23:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے امریکی ریاست ٹیکساس کے تعلیمی ادارے میں دہشت گردی کاشکار ہونے والی ہونہار طالبہ شہید سبیکا شیخ کی نمازجنازہ میںشرکت کی۔ سینیٹر سلیم ضیا، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال، عزیز و اقارب اور عوام کی بڑی تعداد نے بھی نمازہ جنازہ میں شرکت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے دعا کی کہ اللہ تعالی سبیکا شیخ کے والدین، بہن بھائی، دوست احباب اور عزیز و اقارب کو صبر جمیل عطا کرئے اور مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم شہید سبیکا شیخ کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کو موثر سیکیورٹی فراہم کرنے کو یقینی بنایا تاکہ طالب علموں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں دہشت گردی کے واقعہ میں ہماری بیٹی کو شہید کیا گیا ، امریکہ جیسے ملک کے تعلیمی اداروں میں تواتر سے ایسے واقعات کاہونا باعث تشویش ہے، فائرنگ کے اس طرح کے واقعات سکیورٹی لیپس ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کے لئے موئثر اقدامات ضروری ہیں تاکہ اس قسم کے واقعات کو رونما ہونے سے روکا جا سکے۔