مراد علی شاہ جب سی ایم کے عہدے سے ہٹیں گے تو سندھی عوام ان کا انڈوں اور ٹماٹروں سے استقبال کریں گے، لیاقت جتوئی

مقدس ایوان میں سچ بولنے کا حلف لینے والے وزیراعلیٰ جھوٹ کے ڈگری ہولڈر بن چکے ہیں

بدھ مئی 23:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2018ء) لیاقت علی جتوئی سابق وزیر اعلی سندھ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ مراد علی شاہ جب سی ایم کے عہدے سے ہٹیں گے تو انہیں سندھ لے جائیں گے انڈوں اور ٹماٹروں سے استقبال ہوگا۔ مقدس ایوان میں سچ بولنے کا حلف لینے والے وزیراعلیٰ جھوٹ کے ڈگری ہولڈر بن چکے ہیں۔ مراد علی شاہ آصف زرداری کے اے ٹی ایم اور ریکوری ایجنٹ کا کام سرانجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لیاقت علی جتوئی نے کہا کہ اقتدار میں آکر مراد علی شاہ پر عوام سے جھوٹ بولنے اور ایوان کی توہین کرنے کامقدمہ چلائیں گے۔ ترقی سندھ میں تو نہیں مگر بلاول ہاؤس میں ضرور ہوئی ہے وزیراعلیٰ میں نہ فرض شناسائی رہی ہے نہ اخلاقیات۔ انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ پروٹوکول واپسی کا انتظار کریں پھر سندھ میں ترقی دیکھنے چلیں گے انڈے ڈنڈے اور ٹماٹر سے مراد علی شاہ کا استقبال ہوگا۔اگر اپوزیشن آئینہ دکھاتی ہے تو ایوان کی توہین کی رٹ لگ جاتی مگر پچھلے دس سالوں سے پیپلزپارٹی اس ایوان کو ڈھال بناکر جھوٹ اور کرپشن میں مصروف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مراد علی شاہ وزیراعلیٰ سندھ نہیں درباری اعلیٰ آصف زرداری ، فریال ٹالپر ہیں۔