ڈینگی کا خاتمہ عوامی تعاون اور احتیاط سے ہی ممکن ہے ، ڈپٹی کمشنر چکوال

بدھ 23 مئی 2018 23:33

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2018ء) ڈینگی کا خاتمہ عوامی تعاون اور احتیاط سے ہی ممکن ہے ۔حکومت پنجاب ڈینگی کنٹرول میں سنجیدہ ہے ۔تمام محکمے ڈینگی کے خاتمے کے لیئے کمر بستہ ہو جائیں ۔اسی طرح اسکا خاتمہ ممکن ہو سکے گا ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر چکوال غلام صغیر شاہد نے بدھ کے روز ڈسٹرکٹ ایمر جنسی رسپونس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں اے ڈی سی جی ،اے ڈی سی آر، ڈپٹی ڈائریکٹر انفار میشن ،سی ای او ڈی ایچ اے ، اے سی لاوہ ،چوا سیدن شاہ،فوکل پرسن گورنمٹ گرلز کالج چکوال ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور سی ای او میونسپل کمیٹی بھون ،چوا ٓسیدن شاہ نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ماہر حشرات الا ر ض را جہ شکیل نے انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے اقدامات اور کنٹرول کے بارے تفصیلی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام محکمے اپنے فوکل پرسن نامزد کریں اور اے سیز اپنی اپنی تحصیلوں میں ڈینگی کنٹرول بارے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق انسداد ڈینگی مہم پر زور و شور سے عمل کیا جائے اور ٹائر شاپس،جنک یارڈز،نرسریز،سروس سٹیشنوں اور بالخصوص سرکاری عمارات کی چھتوں،پارکس،اسکولز،کالجز،ورک شاپس اور مساجد میں ڈینگی لاروے کی تلاش کی جائے ۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں اور ارد گرد ماحول کو صاف رکھیں، کہیں پانی کھڑا نا رہنے دیں ۔صفائی کو ملحوض خاطر رکھیں تو ڈینگی کی افزائش کو روکا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل اپنے اپنے علاقے کی صفائی کو یقینی بنائیں۔ڈینگی کا خاتمہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے اور ہم نے ہی حل کرنا ہے۔