حبکو کی گورنرسندھ محمد زبیرکو کمپنی کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ

بدھ 23 مئی 2018 23:44

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پینے کے پانی کی دستیابی کراچی کے شہریوں کا ایک بڑا مسئلہ ہے کیونکہ اس کے بغیر روز مرہ امور کی انجام دہی بہت مشکل ہوتی ہے ۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو حبکو کی ٹیم کی جانب سے گورنر ہائوس میں ایک بریفنگ کے موقع پر کیا جس کی سربراہی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد منصور کر رہے تھے۔

گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستان بھر میں پانی کی کمی پر قابو پانے ، اس کے درست استعمال اور ذخیرہ کرنے کا جائزہ لینے کے لئے موجودہ حکومت نے حا ل ہی میں چاروں صوبوں کے اتفاق رائے سے قومی واٹر پالیسی تشکیل دی ہے ۔کراچی میں پانی کی کمی کے مسئلہ کا تذکرہ کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے K-IV کے پہلے مرحلہ کی تعمیر میں تعاون کررہی ہے جس سے کراچی کے شہریوں کو 260 ملین گیلن پانی مزید دستیاب ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگلے مالی برس کے بجٹ میں سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے لئے پلانٹ لگانے کے منصوبہ کا اعلان کیا گیا ہے جس کی تکمیل سے بھی کراچی کے شہریوں کو صاف پانی مل سکے گا۔ انہوں نے حب کو کی جانب سے سمندری پانی کو میٹھا کرنے اور گندے پانی کو ری سائیکل کرکے اسے صنعتوں میں استعمال کرنے کے لئے کراچی کے کچرے کو استعمال کرنے کے منصوبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف شہر میں کچرے کے باعث پیدا ہونے والے ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ کراچی کے شہریوں کو پینے کا صا ف پانی اور صنعتوں کو استعمال کا پانی دستیاب ہوگا۔

انہوں نے تھر میں حب کو کی جانب سے کوئلے سے چلنے والے پلانٹس لگانے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اینگرو اور حب کو تھر کے کوئلے کو استعمال کرنے والی پہلی کمپنیاں بن گئیں ہیں اور ان کے توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے 5ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ کو دستیاب ہوگی ۔ گورنر سندھ کو اس موقع پر حب کو کے منصوبے کے بارے میں تفصیل بتاتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر خالد منصو ر نے کہا کہ سمندری پانی کو میٹھا کرنے کے لئے حب میں واقع موجودہ پلانٹ کو استمعال کیا جائے گا اس سے ابتداائی طور پر 300MGD پانی دستیاب ہوگا جس کو بتدریج بڑھا کر 1200MGD کردیا جائے گا ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں روزانہ 470MGD گندہ پانی پیدا ہوتا ہے جبکہ صنعتوں میں پانی کی ضرورت 200MGD ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ فراہمی نکاسی آب کے تین ٹریٹمنٹ پلانٹ اس وقت 150MGD پانی کو ری سائیکل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں حب کو ان پلانٹس کا آپریشن اور دیکھ بھال اپنے زیر نگرانی کرکے اعلیٰ معیا ر کا ٹریٹمنٹ اور آر او پلانٹ لگانے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں ایک اندازہ کے مطابق روزانہ 16500 ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے جس سے حب کو بجلی بناکر سمندری پانی کو میٹھا کرنے کے پلانٹ اور صنعتوں کے لئے ری سائیکل پانی حاصل کرنے کے لئے استعمال کرنا چاہتی ہے۔