وزیر اعلیٰ سندھ کا شہر کا دورہ، ہیٹ اسٹروک کیمپ کا معائنہ

بدھ 23 مئی 2018 23:44

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بدھ کو کراچی شہر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء سید ناصر شاہ اور سعید غنی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلی سندھ نے شہر میں ہیٹ اسٹروک کے مراکز کا بھی دورہ کیا اور انہوں نے صدر میں قائم کیمپ کا بھی معائنہ کیا جہاں پر شہریوں کے لئے پینے کا ٹھنڈا پانی اور دیگر سہولیات موجود تھیں۔

وزیر اعلی سندھ نے ان کیمپس میں موجود سہولیات پراپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیرا علی سندھ کو اس موقع پر بتایا گیا کہ کراچی جنوبی میں 18 ہیٹ اسٹروک کیمپس قائم کئے گئے ہیں جہاں پر شہریوں کو گرمی سے بچائو کے سلسلے میں ٹھنڈے پانی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کویقین بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیرا علی سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ ہیٹ اسٹروک کے باعث شہر میں کوئی اموات نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز اسپتالوں میں4 ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ مریض آئے تھے جنہیں طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ہماری یہ کوشش ہے کہ سڑکوں کے نزدیک ہیٹ اسٹروک کیمپس لگائے جائیں جہاں مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔ وزیرا علی سندھ نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں عوام کو خود بھی خیال رکھنا چاہیے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہیے۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ وہ شہر کے اسپتالوں کا بھی دورہ کریں گے۔وزیر اعلی سندھ طارق روڈ میں قائم کیمپ کے دورے کے بعد جے پی ایم سی پہنچے اس موقع پر وزیرا علی سندھ کو بتایا گیا کہ سال 2015 ء میں بھی گرمی کی یہی کیفیت تھی۔ وزیرا علی سندھ نے کہا کہ انہوں نے پورے شہر کراچی کا چکر لگایا ہے اور سندھ حکومت نے بہت سے مقامات پر ہیٹ اسٹروک کیمپس لگائے ہوئے ہیں ۔

وزیراعلی سند ھ نے اربن فار یسٹ پارک باتھ آئی لینڈ کا بھی دورہ کیا۔ اس پارک کو چند نجی ادارے ایڈ اپ کرکے نئے طریقے سے تعمیر کررہے ہیں ۔انہوں نے سب میرین انڈر پاس کے کام کا بھی معائنہ کیا۔سب میرین انڈر پاس سے ٹریفک رواں دواں ہے اور اطراف کی سڑکیں بھی تعمیر ہوگئی ہیں ۔ وزیر اعلی سندھ نے سب میرین سے سن سیٹ بلیو وارڈ زیر تعمیر سڑک کا بھی معائنہ کیا اور وزیرا علی سندھ کو بتایا گیا کہ سڑک کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔