ْمشکوک نگرانوں اور متنازعہ نوکر شاہی پر ٹی ایل پی کلین چٹ نہیں دے گی،مفتی غلام غوث بغدادی

قومی انتخابات کو آزادانہ منصفانہ بنانے کی جدوجہد کررہے ہیں، امیر تحریک لبیک یارسول اللہ پاکستان سندھ

بدھ 23 مئی 2018 23:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) تحریک لبیک یارسول اللہ پاکستان سندھ کے امیر مفتی غلام غوث بغدادی نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی ملک میں عام انتخابات سے قبل از انتخاب کسی کو بھی کسی قیمت پر انتخابی دھاندلی کی اجازت نہیں دے گی ،اور نہ ہی وفاق اور صوبوں میں مشکوک نگرانوں کی اورمتنازعہ نوکر شاہی کی تقرریوں کے معاملے پر کلین چٹ نہیںدے گی تحریک کی وفاق اور صوبوں کی سطح پر انتخابی کمیٹیاں اس سارے معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہیں،یہ معاملہ صرف حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے مابین طے ہونے کا نہیں جو بھی جماعتیں الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعت کی حیثیت سے انتخاب میںحصہ لے رہی ہیں شفاف انتخابی عمل کیلئے ان کے تحفظات کو تسلیم کیا جانا آئینی ضرورت ہے،وہ گذشتہ شب کارساز میں سندھ کی انتخابی کمیٹی کے ارکان کے خصوصی اجلاس سے خطاب کررہے تھے،مفتی غلام غوث بغدادی نے کہا کہ 2013کے انتخاب میں چیف الیکشن کمیشن کی جانب سے غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انتخابات کے دعوے تو بہت کیئے گئے لیکن لوٹ مار کی سیاست کرنے والی سیاسی جماعتوں نے شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے جوکردار ادا کیا ہے وہ ہماری قومی سیاسی تاریخ کے سیاہ باب کے طورپر موجود ہے،ٹی ایل پی موجودہ انتخابی قوانین پرا پنے تحفظات کے باوجود اپنی ہار جیت سے بالا تر ہوکر قومی انتخابات کو آزادانہ،منصفانہ بنانے کیلئے پولنگ کے عمل کو شفاف بنانے کی بھرپور جدوجہد پر یقین رکھتی ہے،اور ہمارے اس موقف کو دیگر سیاسی جماعتوں کیجانب سے تاید وحمایت آئی تو ہم کھلے دل سے اس کا خیر مقدم کریںگے لیکن انتخابی عمل کو جمہوریت کے نام پر استحصالی قوتوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑیں گے۔