Live Updates

لوٹ کھسوٹ اورالزام تراشی کی سیاست سے عوام بیزارہورہے ہیں، علامہ سید عقیل انجم قادری

قائدملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمدنورانی صدیقیؒ نے ہمیں سکھایاہے کہ سیاست عبادت کا درجہ رکھتی ہے، پیر مختارجان سرہندی علامہ قاضی احمدنورانی کی رہائشگاہ پر دعوت افطار، علامہ سید عقیل انجم قادری، پیر مختارجان سرہندی، پیر شاہ اسداللہ جنیدی،شکیل قاسمی ودیگر کی شرکت

بدھ 23 مئی 2018 23:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) جمعیت علمائے پاکستان(نورانی) سندھ کے صدر علامہ سید عقیل انجم قادری نے کہاہے کہ لوٹ کھسوٹ اورالزام تراشی کی سیاست سے عوام بیزارہورہے ہیںاوران کا سیاسی قیادت پر اعتماد ختم ہورہاہے،قائدملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمدنورانی صدیقیؒ نے ہمیں سکھایاہے کہ سیاست عبادت کا درجہ رکھتی ہے،سیاست کو کاروباربنانے والے اللہ کے عذاب سے ڈریں۔

یہ باتیںانہوںنے جمعیت علماء پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی کی رہائش گاہ پر منعقدہ سالانہ دعوت افطارکے اجتماع سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پرپیر مختارجان سرہندی،پیر سید شاہ اسداللہ جنیدی،محمدشکیل قاسمی، صوفی فخرالدین نورانی،سیدعمران حسین،حافظ انواراحمدشیخ،علامہ قاضی عبدالقادرصدیقی، سیدشاداب حسین واحدی،علامہ شیخ عمران الحق نورانی،یاسرعالم نورانی،علامہ سید جہاں زیب سبزواری،علامہ سید آصف مصطفائی،ماہرتعلیم ڈاکٹرارشدعلی خان،حافظ حسن انصاری سمیت مختلف مذہبی،سیاسی اور سماجی شخصیات کی بڑی تعدادموجودتھی۔

(جاری ہے)

علامہ سید عقیل انجم قادری نے اپنے خطاب میں کہاکہ رمضان المبارک کی طرح ساراسال اللہ کی اطاعت میں بسرہو تو زندگی جنت بن سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کی 27ویں شب میں معرض وجودمیں آنے والا مملکت خدادادپاکستان اور نظام مصطفیٰ ﷺ لازم وملزوم ہیںدنیاکاکوئی نظام اس ملک میں کامیاب نہیں ہوگا، خانقاہوں ،آستانوں اور محراب ومنبر سے نظام مصطفیٰ ﷺ کی صدائیں بلند کرنے کا وقت آچکاہے، علماء مشائخ رسم شبیری اداکرتے ہوئے خانقاہوں اور حجروں سے نکلیں اور میدان عمل میں آکر انقلاب نظام مصطفیٰ ﷺ برپاکردیں۔

پیر مختاراحمدجان سرہندی نے کہاکہ رمضان المبارک وہ مقدس اور متبرک مہینہ ہے جس میں رب تعالیٰ کی رحمتیں اور برکتیں بندے پر برس رہی ہوتی ہیں۔حدیث مبارکہ کے مطابق ایساشخص بدنصیب ہے جو رمضان میں اپنی بخشش کا سامان نہ کرے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات