ڈی سی سکھر اور مختلف اسسٹنٹ کمشنرز کے چھاپے، زائدنرخوں میں فروخت کرنے والوں سے 46ہزار جرمانہ وصول

بدھ 23 مئی 2018 23:40

سکھر۔ 23مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) سکھر کی ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران احترام رمضان آرڈیننس اور پرائس ایکٹ کی خلافی ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 46ہزار روپے کا جرمانہ وصول کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو نے سکھر کے گھنٹہ گھر اور مختلف علاقوں میں فروٹ، سبزی، گوشت مارکیٹس اور دیگر اشیائے خوردونوش کے دکانوں اور اسٹالوں کا اچانک دورہ کرکے حکومت کی جانب سے مقرر کئے گئے نرخوں کا معائنہ کیا اور اضافی نرخوں پر چیزیں فروخت کرنے والوں سے مجموعی طور پر 40ہزار روپے جرمانہ وصول کیا۔

ڈی سی سکھر نے دکاندارو ں کو تنبیہ کی کہ معیاری اشیاء فروخت کی جائیںاور ریٹ لسٹ نمایاں جگہوں پر آویزاں کی جائیں تاکہ شہریوں کو رمضان المبارک کے دوران رلیف مل سکے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ڈی سی سکھر کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ نیوسکھر/اسپیشل جڈیشل ماجسٹریٹ نعیم احمد سومرو نے احترام رمضان آرڈیننس کے تحت کاروائی کرتے ہوئے ہوٹل چلانے والے قربان علی سے ایک ہزار روپے جرمانہ وصول کیا، جبکہ انہوں نے اضافی نرخوں پر فروٹ فروخت کرنے والے دیدار علی اور نواب علی سے مجموعی طور پر ایک ہزار روپے، اضافی نرخوں میں سبزیاں فروخت کرنے والے رجب علی اور عابد علی سے بھی مجموعی طور پر ایک ہزار روپے جرمانہ وصول کئے۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر/اسپیشل ماجسٹریٹ پنوعاقل نے مختلف بازاروں میں اچانک چھاپے مارکر رمضان المبارک کے دوران اضافی نرخوں میں اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں اشرف، کرشن اور روشن سے پرائس ایکٹ 2005کے انڈر سیکشن 7/3کی خلاف ورزی کرنے پر مجموعی طور پر 3ہزار روپے جرمانہ وصول کیا۔