موجودہ حکومت نے ملک میں امن و امان کی بحالی اور معیشت کے استحکام کیلئے کام کیا،

دہشت گردی کے نیٹ ورک کو تباہ کر دیا ، توانائی بحران کو بھی حل کر دیا گیا ہے،وزیر دفا ع انجینئر خرم دستگیر خان

جمعرات 24 مئی 2018 00:10

موجودہ حکومت نے ملک میں امن و امان کی بحالی اور معیشت کے استحکام کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) وزیر دفا ع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نے ملک میں امن و امان کی بحالی اور معیشت کے استحکام کے لیے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو تباہ کر دیا ہے جبکہ توانائی بحران کو بھی حل کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی ترقی کی شرح سفارتی اور اداروں کے استحکام میں مدد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام اور جمہوری نظام کا تسلسل ملک میں ترقی کی اعلیٰ شرح کے حصول کے لیے بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کی حاکمیت اور ووٹ کی بالادستی کے لیے کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جب پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقتدار سنبھالا تو کراچی جیسے بڑے شہر میں لوگوں کو دہشت گردی و انتہا پسندی سمیت بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ جیسے مسائل کا سامنا تھا لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے یہاں آپریشن شروع کیا اور اس میگا شہر کے امن کو بحال کیا جس سے یہاں معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

کراچی سمیت ملک بھر میں امن و امان کی بہتر ہوتی صورت حال کے باعث بیرونی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری میں بھی گہری دلچسپی لے رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے نیلم جہلم اور تربیلا فور پر پوری سنجیدگی سے کام کیا اور ان منصوبوں کو مختصر عرصے میں فعال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے دیامر بھاشا ڈیم کے لیے زمین حاصل کی اور توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے یہ منصوبہ بھی مستقبل قریب میں مکمل ہو جائے گا۔

پی ٹی آئی کے 100 دنوں کی منصوبہ بندی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے نظام کو بہتر بنانے کے قابل ہی نہیں۔ بھارت کے کشن گنگا منصوبے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس ضمن میں عالمی بنک سے اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ خرم دستگیر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کے لوگوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھارت کے ساتھ باہمی احترام کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہی ملک کو آگے لیکر جانے کا واحد راستہ ہے۔