غربت کے خاتمے کے حوالے سے بیجنگ میں بین الاقوامی فورم کا انعقاد

عالمی بینک، ایف اے اوسمیت 9 عالمی اداروں، چین سمیت 28 ممالک کے 200 نمائندوں کی شرکت

جمعرات 24 مئی 2018 10:40

بیجنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) غربت کے خاتمے کے حوالے سے چین کے دارلحکومت بیجنگ میں ایک بین الاقوامی فورم کا انعقاد ہوا۔چائنا ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق مذکورہ فورم کا موضوع ’’تعاون کو فروغ دیتے ہوئے ہاتھ سے ہاتھ ملاتے ہوئے غربت کا خاتمہ‘‘ہے ۔عالمی بینک اور اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) کے علاوہ 9 عالمی اداروں اورچین سمیت 28 ممالک کے 200 نمائندوں نے اس فورم میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے باہمی تعاون کے ذریعے غربت کے خاتمے اور ترقی کے شعبہ جات میں چین کے حاصل شدہ تجربات پر تبادلہ خیال کیا۔ چینی ریاستی کونسل کے ماتحت غربت کے خاتمے اور ترقی کے دفتر کے نائب سربراہ چن جی گانگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی اور حکومت نے غربت کے خاتمے کو اپنے فرائض میں شامل کر لیا اور اصلاحات اور کھلی پالیسی کے نفاذ کے بعد گزشتہ چالیس برسوں میں چین کی80 کروڑ سے زائد آبادی کو غربت سے چھٹکارا دلایا گیا ہے۔جسے عالمی برادری غربت کے خاتمے کے لحاظ سے ایک معجزہ سمجھتی ہے۔