امریکی محصولات میں اضافہ، بھارت نے ڈبلیو ٹی او سے رجوع کر لیا

جمعرات 24 مئی 2018 10:40

نئی دہلی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) بھارت نے عالمی ادارہ تجارت میں امریکا کی جانب سے ایلومینیم اور سٹیل کی برآمدات پر اضافی محصولات کو ضوابط کے منافی قرار دیتے ہوئے شکایت درج کرائی ہے۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق بھارت نے امریکی استثنیٰ نہ ملنے کی صورت میں ڈبلیو ٹی او سے رجوع کرنے کا انتباہ گزشتہ ماہ دیا تھا۔

(جاری ہے)

عالمی ادارہ تجارت کے ضوابط کے تحت امریکا کو بھارتی شکایت کا ازالہ 60 ایام میں کرنا ہو گا بصورتِ دیگر معاملے پر بین الاقوامی ماہرین فیصلہ دیں گے۔واضح رہے کہ رواں برس مارچ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سٹیل کی درآمدات پر 25 فیصد اور ایلومینیم پر10 فیصد کے اضافی محصولات کا نفاذ کیا تھا۔ بھارت، چین، روس، جاپان، ترکی اور یورپی یونین نے اس اضافے کو مسترد کر دیا تھا۔