قصور، ماہ رمضان کے دوران جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز

جمعرات 24 مئی 2018 11:20

قصور۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) قصور میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں،21ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضہ سے بھاری تعداد میں شراب کی بوتلیں،چرس اور پسٹل برآمد کرلیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی اوقصورزاہد نواز مروت کی خصوصی ہدایا ت پر پولیس نے ماہ رمضان کے دوران مجرمان اشتہاریوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں گزشتہ رات ایس ڈی پی اوز کی زیر نگرانی تھانہ مصطفی آباد، الہٰ آباد،سٹی پتوکی اور سٹی پھولنگر پولیس نے اپنے اپنے علاقوں میں کاروائیاں کیں، کاروائیوں کے دوران سنگین مقدمات میں ملوث چار اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا،دو بدنام زمانہ جوئے کے اڈوںپر ریڈ کئے گئے جس کے نتیجہ میں 10قماربازوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ملزمان کے قبضہ سے دائو پر لگی ہزاروں روپے کی رقم برآمد کی گئی۔ اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کے دوران4ملزمان کو حراست میں لیکر ملزمان کے قبضہ سے ایک کلوگرام چرس ،55لیٹر شراب برآمد کی،اسی طرح3 ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزمان کے قبضہ سے ،پسٹل برآمد کر کے مقدمات درج کئے گئے۔