شہباز شریف کا اے بی ڈیویلیئرز کو شاندار انداز میں خراج تحسین

کرکٹ کے مداح آپ کو بہت یاد کریں گے:وزیر اعلی پنجاب

جمعرات مئی 11:24

شہباز شریف کا اے بی ڈیویلیئرز کو شاندار انداز میں خراج تحسین
لاہور(ا ردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مئی 2018 ء) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے گزشتہ روز انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈیویلیئرز کو شاندار الفاظ میںخراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سوشل میڈیاویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ” شاباش اے بی ڈیویلیئرز،مجھے آج بھی یاد ہے کہ آپ نے کس طرح ویسٹ انڈیز کیخلاف محض31گیندوں پر تباہ کن تیز ترین ون ڈے سنچری سکور کی تھی ،،کرکٹ کے مداح آپ کو بہت مس کریں گے ، آپ دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک تھے،،شاہد آفریدی ،ہم آپ کی 37گیندوں پر سنچری کو کیسے بھول سکتے ہیں جو لمبے عرصے تک ورلڈ ریکارڈ رہا“۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے مایاناز بیٹسمین اے بی ڈویلیئرز نے گزشتہ روز تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے دنیا کرکٹ کو حیران کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

اے بی ڈویلیئرز نے ریٹائرمنٹ کا اعلان اپنی موبائل ایپ پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے کیا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں سابق جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ اب وہ بین الاقوامی کرکٹ سے تھک چکے ہیں، اب وقت ہے کہ میری جگہ جنوبی افریقی ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے، ڈی ویلیئرز کا کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ ایک مشکل ترین فیصلہ تھا،میں نے اس حوالے سے طویل سوچا و بچار کی لیکن میرا خیال ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ میں ریٹائر ہو جاﺅں۔

انہوں نے اس موقع پر اپنے ساتھی کھلاڑیوں، فینز اور کرکٹ جنوبی افریقا کا بھی شکریہ ادا کیا۔تاہم انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ کلب کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہیں گے، اور ان کی نیک خواہشات فاف ڈیوپلیسی اور جنوبی افریقی ٹیم کے ساتھ ہیں۔واضح رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز ہے اور یہ کارنامہ انہوں نے جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف جنوری 2015 ءمیں انجام دیا۔

یاد رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں دوسری تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن اور تیسری تیز ترین سنچری کا ریکارڈ پاکستان کے شاہد آفریدی کے پاس ہے۔ڈیویلیئرز ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری (16بالز) اور تیز ترین 150رنز (64بالز) بنانے والے بلے باز بھی ہیں ۔ڈیویلیئرز نے جنوبی افریقہ کے لیے 114ٹیسٹ میچز میں 22سنچریوں کی مدد اور50.66کی اوسط سے 8765 رنز، 228ون ڈے میچز میں53.50کی اوسط اور25سنچریوں کی مدد سے9577رنز اور78ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 10نصف سنچریوں کی مدد سے 1672رنز سکور کیے ۔